ہارون کرکٹ لیگ سیزن۔ 4کافائنل میچ   | برادر الیون نے سنسنی خیز جیت درج کی

ارشاد احمد

سرینگر//ہارون کرکٹ لیگ سیزن 4 کے فائنل میچ میں برادر الیون کرکٹ کلب نے دلچسپ مقابلے میں شاداب کنسٹریکشن کرکٹ کلب کو 5 رنوں سے ہرایا۔ ہارون کرکٹ لیگ کا ٹورنامنٹ مئی میں شروع ہوا تھا جس میں 24ٹیموں نے حصہ لیا  اور فائنل میچ سمیت 118 میچ کھیلے گئے ۔فائنل میچ میں برادر الیون کرکٹ کلب نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوروں میں 201 رنوں کا سکور کھڑا کیا۔جواب میں شاداب کنسٹریکشن کرکٹ کلب نے آخری گیند تک بھرپور جدوجہد کرتے ہوئے 196 رن بنائے اور صرف 5 رنوں سے میچ ہار گئے۔برادر الیون کرکٹ کلب کے عفان وانی کو بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنے پر فائنل میچ اور ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیتے ہوئے انعامات نوازا گیا۔ فائنل میچ میں برادر الیون کے اویس رزاق کو گیم چینجر قرار دیا گیا۔فائنل میچ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جی ایم راتھر، پیر بلال، پرویز اے ڈار، ایم وائی ڈار، گلزار بائیجان، محمد یوسف بٹ، غلام نبی بابا نے کہا کہ ہارون کرکٹ لیگ علاقے کے نوجوانوں کے لئے مختلف کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کر رہا ہے۔ انہوں نے جیتنے والی ٹیم اور ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی دیگر ٹیموں کو مبارکباد دیتے ہوئے پورے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر ہارون کرکٹ لیگ کی انتظامیہ اور دیگر افراد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کا جوش و خروش اور محنت قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پھاک فورم نوجوانوں کو پلیٹ فارم فراہم کرنے اور مختلف تقریبات کا انعقاد کرکے ان کی رہنمائی میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔اس موقعہ پر جیتنے والی اور ہارنے والی ٹیموں کو ٹرافیاں، نقد انعامات پیش کئے گئے۔ فائنل میچ کی فاتح ٹیم کو 1 لاکھ 75 ہزار روپے جبکہ رنر اپ ٹیم کو 1 لاکھ روپے سے نوازا گیا۔