ہسپتال میں بہن کی حالت نازک
سرینگر// ضلع بڈگام کے ہاروانی خانصاحب علاقے میں ایک انتہائی دلدوز واقعے میں دو کمسن بھائی بہن ایک گہرے ٹیوب ویل میں گر گئے جس کے نتیجے میں بھائی کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوگئی جبکہ بہن کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ خانصاحب کے ہار وانی علاقے میں بدھ کو دو کمسن بھائی بہن کھیلنے کے دوران ایک گہرے ٹیوب ویل میں گر گئے ۔انہوں نے بتایا کہ اس حادثے میں بھائی کی موت واقع ہوئی جبکہ بہن کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے ۔متوفی کی شناخت 6 سالہ باسط احمد خان ولد محمد افروز خان جبکہ بہن کی شناخت 5 سالہ زینب کے طور پر ہوئی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ گرچہ دونوں بچوں کو بے ہوشی کی حالت میں نزدیکی ہسپتال پہنچایا گیا لیکن وہاں ڈاکٹروں نے کمسن بھائی کو مردہ قرار دیا۔ایک مقامی شخص نے میڈیا کو بتایا: ‘اس ٹیوب ویل کی لمبائی قریب 20 فٹ ہے ، بچے وہاں کھیل رہے تھے کہ وہ اس میں گر گئے ، ان میں سے ایک کی موت واقع ہوئی، دوسرے کی حالت نازک ہے ‘۔انہوں نے کہا: ‘یہ ٹیوب ویل کھلا پڑا ہے اس میں کوئی بھی گر سکتا ہے یہ ہمارے مال مویشیوں کے لئے بھی خطرہ ہے ‘۔دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے کارروائیاں شروع کی ہیں۔