جموں+سرینگر//جموں وکشمیر ہائی کورٹ کی دونوں شاخوں میں قومی لوک عدالتوں کا اہتمام کیا گیا جس دوران مختلف نوعیت کے معاملات نمٹائے گئے اور دو کروڑ روپے سے زائد کا معاوضہ ایوارڈ کیا گیا ۔ ان لوک عدالتوں کا انعقاد جموںوکشمیر ہائی کورٹ لیگل سروسز کمیٹی نے چیف جسٹس جموں وکشمیر ہائی کورٹ جسٹس بدر دُریز احمد کی سرپرستی اور چیئرمین ہائی کورٹ لیگل سروسز کمیٹی جسٹس علی محمد ماگر ے کی رہنمائی میں کیا گیا۔ کیسوں کی شنوائی کے لئے تین بنچ تشکیل دئیے گئے تھے ۔ ان لوک عدالتوں کے ذریعے 28ایم اے سی ٹی معاملات کے علاوہ بینک ریکوری کے 13معاملات اور دیگر کئی کیس افہام تفہیم کے ذریعے نمٹائے گئے ۔لوک عدالتوں کے ذریعے سے 23179381 روپے بھی معاوضے کے طور پر ایوارڈ کئے گئے ۔وادی کے مختلف اضلاع میں آج مختلف نوعیت کے معاملات اورتنازعات باہمی افہام وتفہیم سے نمٹانے کے لئے قومی لوک عدالتوں کا انعقاد کیا گیا۔ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس بانڈی پورہ اور منصف کورٹ کمپلیکس میںمنعقدہ قومی لوک عدالتوں میں 454معاملات اُٹھائے گئے جن میں سے 216معاملات کو نمٹایا گیا اورافہام وتفہیم کے لئے 33لاکھ روپے کی ادائیگی کی منظوری دی گئی۔اوڑی اورپٹن میں فوری انصاف اور التوأ میں پڑے معاملات کے حل کے لئے تحصیل کورٹ کمپلیکس میں اوڑی میں سب جج امتیاز احمدلون کی صدارت میں منعقد ہ قومی لوک عدالت کے دوران مختلف نوعیت کے 28معاملات کو اُٹھایا گیا جن میں سے موقعہ پر ہی 18معاملات حل کئے گئے۔اُدھر کورٹ کمپلیکس پٹن میںسب جج سشیل سنگھ کی صدارت میں 71معاملات زیر غور آئے جن میں سے 30معاملات باہمی رضامندی سے حل کئے گئے۔لیگل سروسز کمیٹی سوپور کی طرف سے منعقدہ تین مختلف بنچوں پر مشتمل لوک عدالتوں کا قیام عمل میںلایا گیا ۔پہلے بینچ کی صدارت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج شازیہ تبسم نے کی۔جبکہ دوسرے بینچ کی صدارت چیف جوڈیشل مجسٹریٹ مسرت روحی نے اور تیسرے بینچ کی صدارت ضلع موبائیل مجسٹریٹ جہانگیر بخشی نے کی۔اس موقعہ پر مختلف نوعیت کے 210معاملات اُٹھائے گئے جن میں سے 106معاملات کو موقعہ پر ہی نمٹایا گیا اور12لاکھ روپے کی ادائیگی کی منظوری دی گئی ۔اس کے علاوہ کئی معاملات کے سلسلے میں 25000روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔اُدھر ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی اننت ناگ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر کورٹ کمپلیکس اننت ناگ میں تین بنچوں پر مشتمل قومی لوک عدالتوں کا انعقاد کیا جن کی نگرانی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج اننت ناگ مسرت شاہین نے کی۔اس قسم کی لوک عدالتیں ضلع کی ماتحت عدالتوں میں بھی منعقد کی گیںجس دوران 325معاملات کو اُٹھایا گیا اور باہمی افہام وتفہیم سے 238معاملات نمٹائے گئے۔اُدھر ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس پلوامہ میں بھی ایک قومی لوک عدالت کاانعقاد کیا گیا جس دوران مختلف نوعیت کے کئی معاملات اُٹھائے گئے جن میں سے اکثر معاملات کو باہمی افہام وتفہیم سے حل کیا گیا۔اس موقعہ پر بار ایسوسی ایشن پلوامہ کے کئی سینئر اور جونیئر وکلأ کے علاوہ بڑی تعداد میں عرضی گذار بھی موجود تھے۔ضلع کولگام میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج کے عدالتی احاطے مں منعقدہ لوک عدالت کے دوران مختلف نوعیت کے 291معاملات زیر غور لائے گئے جن میںسے 235معاملات کو باہمی افہام وتفہیم سے حل کیا گیا۔چیرمین ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی کے مطابق متاثرین کے حق میں 14211786روپے کی ادائیگی کو بھی منظوری دی گئی۔ڈسٹرکٹ لیگل سروس اتھارٹی اور تحصیل لیگل سروس اتھارٹی کے زیر اہتمام نیشنل لوک عدالتوں کا انعقاد احاطہ ڈسٹرکٹ عدالت گاندربل اور منصف عدالت کنگن میں ہوا ۔ پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گاندربل راجہ شجات علی خان جولیگل سروس اتھارٹی کے چیئرمین بھی ہیں ،کے زیر اہتمام یہلوک عدالتیں منعقدہوئیں۔ چیف جوڈیشل مجسٹریٹ گاندربل معراج الدین صوفی،منصف جوڈیشل مجسٹریٹ گاندربل منصور احمد لون،منصف جوڈیشل مجسٹریٹ کنگن اقبال رفیق وکیل کی نگرانی میںگاندربل اور کنگن میں مختلف نوعیت کے 457 مقدمات اٹھائے گئے جن میں سے 274 مقدمات دونوں فریقین کے افہام و تفہیم سے حل کئے گئے۔اس موقع پر تصفیہ کے تحت 31 لاکھ 38ہزار،395روپے وصول کے گئے ۔