ہائی سکول کھنیترتا جاوا موری تین کلومیٹر سڑک تشنہ تکمیل

 حسین محتشم

پونچھ//ہائی سکول کھنیتر تا جاوا موری تین کلو میٹر سڑک نبارڈ سکیم کے تحت تین کروڑ 84 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کی جا رہی ہے تاہم سڑک کا کام نہایت ہی سست روی کا شکار ہے جس کی وجہ سے مقامی شہریوں کو کئی طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مقامی شہریوں نے الزام لگایا ہے کہ جس ٹھیکیدار کو ٹھیکہ دیا گیا ہے وہ خود کام نہیں کرتا بلکہ اس نے کسی اور ٹھیکے دار کے ذریعے وہاں تعمیراتی کام کروانا شروع کیا تھا جو کام نہیں کر رہا ہے۔ شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ یہ سڑک تین پنچایتوں کو آپس میں جوڑتی ہے جس میں کھنیتر ،دپریاں اور کلائی شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ مقامی شہریوں کی درینہ مانگ تھی کہ یہ تین کلومیٹر سڑک تعمیر کی جائے حکومت کی جانب سے سڑک تعمیر کرنے کا کام شروع کیا گیا لیکن اب وہ سست روی کا شکار ہے۔گاؤں کے مقامی محمد ایوب خان ،چوہدری محمد اسلم ،سرفراز چوہان اور دیگران کا کہنا تھا کہ تین کلومیٹر سڑک ایک ماہ میں مکمل ہونا چاہے تھی تاہم کئی سال گزرنے کے باوجود سڑک مکمل نہ ہو سکی۔انہوں نے کہا کہ سڑک کے کام کی سست روی کی وجہ سے سڑک کے کناروں پر قائم کئی مکانات کو نقصان پہنچا ہے، بارشوں کے دوران ان میں رہنے والے رہائشی اپنے گھر چھوڑنے پر مجبور ہو جاتے ہیں وہ خوف میں مبتلا ہیں۔انہوں نے کہا سڑک کی تعمیر کیلئے حکومت نے وافررقومات واگزار کر رکھی ہیں لیکن بدقسمتی سے سڑک کی تعمیر مکمل ہونے کا نام نہیں لے رہی ہے۔شہریوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑک کی تعمیر جلد از جلد مکمل کی جائے۔