اوڑی//گورنمنٹ ہائی سکول دردکوٹ اوڑی میں زیر تعلیم طالب علموںنے سکول میں تدریسی عملے کی کمی کے خلاف سلام آباد اوڑی میں زونل ایجوکیشن دفتر کے باہر احتجاج کیا۔احتجاجی طلاب نے سرینگر مظفرآباد شاہراہ پر کئی گھنٹوں تک گاڑیوں کی آمدو رفت کومسدود کر کے رکھا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے سکول میں تدریسی عملے کی کمی کی شکایت اگر چہ کئی بار محکمہ تعلیم کے افسران کی نوٹس میں لائی گئی مگر کوئی کاروائی نہیں ہوئی۔انہوں نے مزید کہا کہ سکول میں تین سو طالب علموں کیلئے محض 5 اساتذہ تعینات ہیں ۔احتجاجی طلاب کے مطابق 2016 میں بھی تدریسی عملے کی کمی کی وجہ سے سکول میں دسویں جماعت کے نتائج صفر رہنے کے بعد اگر چہ محکمہ تعلیم نے سکول میںمزید اساتذہ کو تعینات کیا تھا مگر انتہائی کم وقت میں انہیں کہیں اور تبدیل کیا گیا۔ ایس ڈی ایم اوڑی بصیرالحق چوہدری نے احتجاجی طلاب کو یقین دلایا کہ ان کی شکایت محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام تک پہنچائی جائے گی جس کے بعد طلاب پُرامن طور منتشر ہوئے۔