سرینگر//ناظم تعلیم کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے سرمائی تعطیلات ختم ہونے کے بعد کشمیر ڈیویژن کے تمام سکولوں بشمول پرائمری، مڈل ، ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولوں کے تدریسی عملے کو23 فروری سے اپنے اپنے متعلقہ سکولوں میں حاضر رہ کر نئے سیشن کے آغاز کے سلسلے میں تیاریاں کرنے کے لئے کہا ہے۔ جبکہ ہائی اور ہائر سیکنڈری سکول 26فروری اور پرائمری و مڈل سطح کے سکول 5 مارچ سے باضابطہ طور کھلیں گے۔اسی دوران ناظم تعلیم کشمیرنے 26فروری اور 5 مارچ کو’’یوم خوش آمدید‘‘ کے طور منائے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے تمام طالب علموں کو محکمے کی طرف سے خوش آمدید کہتے ہوئے اُن کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ اُنہوں نے تمام سکولوں کے سربراہان اور تدریسی عملے کو ہدایت دی ہے کہ وہ یوم خوش آمدید منائے جانے کے دوران طالب علموں کے ساتھ بھرپور محبت کا اظہار کرتے ہوئے سرمائی تعطیلات کے دوران ہوئی مختلف سرگرمیوں کے حوالے سے گفت وشنید کریں ۔انہوں نے کہا کہ اِس دن سکولوں میں کسی طرح کی کوئی تدریسی سرگرمی انجام نہ دی جائے گی۔ ناظم تعلیم نے کہا کہ سکولوں سے وابستہ اِن ماسٹر ٹرینرسMDM باورچی عملے کے لئے انسٹیچوٹ آف ہوٹل مینیجمنٹ راج باغ میں10دن کے تربیتی کورس کا افتتاح ہوگا تاکہ سکولوں کے باورچی خانوں میں کھانا پکانے اور صفائی ستھرائی کے تمام پہلووں کے بارے میں متعلقہ عملے کو تربیت فراہم کی جائے۔