سرینگر// چبجلی شعبہ خاصل ہائیڈو الیکٹراک او رسولر شعبوں میں مختلف سکیموں کی موثر عمل آوری پر زور دیتے ہوئے نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہا کہ ان سکیموں کی بروقت عمل آور ی سے بجلی کی پیداواری میں اضافہ ہوگا اور صارفین کو بلا خلل بجلی سپلائی فراہم ہوگی۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار جموں و کشمیر سٹیٹ پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ میٹنگ میں محکمہ خزانہ کے کمشنر سیکرٹری ، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری ، کمشنر سیکرٹری بجلی ، منیجنگ ڈائریکٹر پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن اور دیگر افسرا ن بھی موجود تھے۔ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ سرکار نے بجلی کی پیداواریت میں اضافہ کرنے کے لئے کثیر الجہت لائحہ عمل تشکیل دیا ہے جس کے تحت نقصانات کو کم کیا جارہا ہے۔ انہوںنے افسران کو تال میل کے ساتھ کام کر کے ہائیڈو الیکٹرک شعبے میں مختلف پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل پر زو ردیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے ترقیاتی پیکیج کے تحت ریاست میں بجلی شعبے کی بہتری کے لئے خاطر خواہ رقومات فراہم کئے گئے ہیں جن کا منصفانہ استعمال یقینی بنانا ہوگا۔میٹنگ میں ریاست میں ہائیڈوپاور پروجیکٹوں میں سرعت لانے کے حوالے سے مختلف تجاویز اور اقدامات پر تبادلہ خیال ہوا۔ میٹنگ میں ریاست میں وزیر اعظم کے ترقیاتی پیکیج کے تحت عملائے جارہے 14ہائیڈو الیکٹرک پاور پروجیکٹوں کا جائزہ لیتے ہوئے تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ 93میگاواٹ گاندر بل ہائیڈر الیکٹرک پروجیکٹ کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا۔ میٹنگ میں کارپوریشن کی طرف سے قائم کئے جانے والے سولر پاور پلانٹوں کا جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ میں بتایا گیاکہ ریاست میں 111.05 گیگاواٹ شمسی توانائی کی گنجائش ہے ۔میٹنگ میں کارپوریشن سے جڑے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔