جموں//جگتی نگروٹہ کے ہائیر سکینڈری سکول میں 11ویں اور 12ویں جماعت کے طالب علموں کے لئے مفت کوچنگ اور وظیفہ متعارف کرنے کے سلسلے میںایک تقریب منعقد کی گئی۔اس موقعہ پرتعلیم کی وزیر مملکت پریاسیٹھی مہمان خصوصی جب کہ ایم ایل سی سریندر امبار دارمہمان ذی وقار کے طور پر موجود تھے۔تقریب کا انعقاد آل انڈیا کشمیر ی سماج نے ہیلپ لائن ہیومنٹی ، گلوبل سولیس اور اے آئی کے ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پریا سیٹھی نے طلبا سے تلقین کی کہ وہ اپنی تعلیم پر توجہ مرکوز کرنے کے ساتھ ساتھ غیر تدریسی اور کھیل سرگرمیوںمیں بھی دلچسپی کے ساتھ حصہ لیں۔وزیرموصوفہ نے طالب علموںکو کلچراور ثقافت میں بھی دلچسپی دکھانے کی تلقین کی۔وزیر موصوفہ نے مقامی لوگوں کے مطالبات کو غور سے سننے کے بعد انہیں یقین دلایا کہ جائز مطالبات کو پورا کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔وزیر موصوفہ نے تعلیم کے میدان میں غیر معمولی کارکردگی دکھانے پر کئی طالب علموںمیں وظائف اور انعامات تقسیم کئے۔ اس موقعہ پر سینٹرل یونیورسٹی کے وائس چانسلر اشوک ایمہ ، وشواکرما یونیورسٹی کے وائس چانسلر راج نہرو کے علاوہ کرن واتل ،وجے بقایا ، موتی کول ، ایم کے بنگرو ،وجے ایمہ ، کرنل جی کے رینہ ،ایم کے بھٹ کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔