حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول چنڈک کی پرانی عمارت خستہ حالی کا شکار ہے۔ اس کے سبب اسکول میں زیر تعلیم طلبہ کو پریشانیوں کا سامنا ہے۔یاد رہے کہ سکول کی عمارت بہت پرانی ہے جس کی وجہ سے اس عمارت کی دیواروں میں بڑی بڑی دراڑیں پڑ چکی ہیں اور چھت کی ٹین بھی مختلف مقامات سے اکھڑ گئی ہیں۔زیر تعلیم طلباء کیلئے تعلیم حاصل کرنا مشکل ہو چکا ہے۔اس حوالے سے طلباء کے والدین و علاقہ کے لوگوں نے شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک جانب جہاں سرکار نجی تعلیمی اداروں سے بچوں کو واپس لے کر سرکاری اسکولوں میں اندارج کروانے پر زور دے رہی ہے اور یہ دعویٰ کر رہی ہے کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں طلباء کے لئے سکول میں تمام تر سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ لیکن زمینی حقائق اس کے بلکل برعکس ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع پونچھ کا صدر دروازہ کہلایا جانے والا چنڈک ایک اہم علاقہ ہے تاہم سکول جس میں سینکڑوںطلبا زیر تعلیم ہیں کی عمارت زمین بوس ہونے کی دہلیز پر ہے۔جھنڈک کے سیاسی و سماجی کارکن اور نیشنل کانفرنس کے لیڈر شہزاد خان نے کہا محکمہ تعلیم و انتظامیہ غفلت کا شکار ہے۔انہوں نے کہا کہ چنڈک پونچھ کا دل ہے مگر یہاں پر ایک نہایت ہی اہم تعلیم ادارے کی عمارت کسی بڑے خطرے کو دعوت دے رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا اگرچہ بارہا انتظامیہ کے نوٹس میں لایا بھی گیا تاہم محکمہ تعلیم و انتظامیہ کے کان پر جوں تک نہ رینگی۔ سکول کی عمارت گزشتہ کئی سالوں سے انتظامیہ کی عدم توجہی کا شکار بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے سکول کی عمارت کی مرمتی اور جہاں جہاں ضرورت ہے وہاں نئی عمارت تعمیر کرنے کی مانگ کی ہے۔