عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//ضلع پونچھ واقع پی ایم شری گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری اسکول سیڑھی خواجہ میں سکول انتظامیہ کی جانب سے پرنسپل کی قیادت میں طلباء و طالبات کی آگاہی کے لئے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں کشمیر عظمیٰ/گریٹر کشمیر کے نمائندہ صحافی احتشام حسین بٹ اور گلستان نیوز چینل کے نمائندے عرفان مغل نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر اسکول کے اساتذہ، طلبہ و طالبات کے علاوہ علاقے کے معززین بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔ تقریب کے پہلے سیشن میں مہمانانِ خصوصی نے معاشرے میں صحافت کے کردار اور صحافتی اخلاقیات کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی اور طلبہ کو میڈیا کے مثبت اور تعمیری استعمال سے متعلق آگاہی فراہم کی۔ دوسرے سیشن میں محکمہ صحت کے ماہر ڈاکٹروں نے طلبہ و طالبات کو صحت عامہ سے متعلق مختلف موضوعات پر مفید معلومات فراہم کیں۔ ڈاکٹر وقار نے صحت و صفائی (Health & Hygiene) پر روشنی ڈالی، جبکہ ڈاکٹر رفیلا کوثر نے نو عمر بچیوں (Adolescents) اور خواتین کی صحت سے متعلق دیگر مسائل پر تفصیلی آگاہی دی۔ تقریب کے انعقاد کا بنیادی مقصد طلبہ کو معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ دیگر اہم سماجی اور طبی موضوعات پر بھی رہنمائی فراہم کرنا تھا، تاکہ وہ مستقبل میں کسی بھی چیلنج سے بہتر طور پر نمٹنے کے قابل ہو سکیں۔پروگرام کے دوران سکول کے استاد ذوالفقار علی میر نے تمام مہمانوں کا استقبال کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔سکول کے پرنسپل نے اس دوران تمام مہمانوں کی طرف کئے گئے خطابات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیشن کے دوران طلبہ کو بہت کچھ نیا سیکھنے کو ملا انہوں نے بھی تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔پروگرام کے دوران سکول کے استاد شبیر احمد ملک نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔