عشرت حسین بٹ
منڈی// ضلع پولیس پونچھ نے سوک ایکشن پروگرام کے تحت جمعرات کو ہائر سیکنڈری سکول (بوائز) منڈی میں ’منشیات کا استعمال اور اس کی روک تھام‘ کے موضوع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا۔ تقریب میں ایس ایچ او تھانہ پولیس منڈی، سکول سٹاف اور طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ضلع پولیس پونچھ کے افسران نے معاشرے پر خاص طور پر نوجوانوں پر منشیات کے استعمال کے مضر اثرات پر روشنی ڈالی اور طلباء کو صحت مند اور نظم و ضبط والے طرز زندگی کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کیا پروگرام کے ایک حصے کے طور پر طلباء کے درمیان مباحثہ کا مقابلہ بھی منعقد کیا گیا جنہوں نے منشیات کے مضر اثرات کے حوالے سے سیر حاصل اور معنی خیز گفتگو کی اس دوران جیتنے والے طلباء کو ان کی کارکردگی پر سراہا گیا اور بیداری پھیلانے میں ان کے فعال کردار کی حوصلہ افزائی کیلئے انعامات سے نوازا گیا۔ اس موقع پر پولیس آفسران نے کہا کہ ضلع پولیس پونچھ آگاہی پروگراموں، احتیاطی تدابیر اور مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کے ذریعے منشیات کی لعنت پر قابو پانے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہے اور منشیات کا استعمال کرنے والوں یا اس کا کاروبار کرنے والوں کو کسی بھی قیمت پر نہیں بخشا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پونچھ پولیس کا عزم ہے کہ سماج کو منشیات پاک بنایا جائے تاکہ عوام بہتر زندگی گزار سکیں۔