جموں//خوراک ، شہری رسدات اور امو صارفین کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ انسان کی مجموعی شخصیت کو ایک نکھار بخشنے میں کھیل کود ایک اہم رول ادا کرتا ہے ۔علاوہ ازیں ا س سے کھلاڑیوںمیں جذبہ ایثار بھی فروغ پاتا ہے۔وزیر موصوف یونیورسٹی آف جموںمیں ’’کھیلو انڈیا کھیلو ‘‘پروگرام کے تحت جے اینڈ کے سپورٹس کونسل کی طرف سے منعقد کی گئی جے اینڈ کے ووشو چمپئن شِپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔کھیلو ں کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ تعلیم ذہنی نشو ونما کو فروغ دینے کے لئے لازمی ہے تاہم جسمانی ترقی کے لئے کھیلنا کودنا بھی اہمیت کا حامل ہے۔انہوںنے والدین سے کہا کہ وہ بچوں کی مجموعی ترقی کو یقینی بنانے کی طرف بھی خصوصی توجہ دیں ۔ چودھری ذوالفقار علی نے کہا کہ ریاستی حکومت ریاست میں کھیلوں سے متعلق بنیادی ڈھانچے کو فروغ دینے اور کھیل کلچر کو بڑھاوا دینے کیلئے وعدہ بند ہے اور اس سلسلے میں کئی ایک اقدامات کئے جارہے ہیں جن کے تحت ریاست میں قومی اور بین الاقوامی سطح کے کھیل مقابلے منعقد کرانا بھی شامل ہے۔انہوں نے ریاست کے نوجوانوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے نوجوانوں میں بین الاقوامی سطح کے کھلاڑی بننے کی صلاحیتیں موجود ہیںاور کئی ایک کھلاڑیوں نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر اچھی کارکردگی کا مظاہر ہ کر کے ریاست اور ملک کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے اس چمپئن شِپ میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کو مبارک باد دی۔بعد میں کھلاڑیوں نے وزیر اور وہاں موجود دیگر لوگوں کو ووشو کھیل کے ہنر سے محظوظ کرایا۔اس موقعہ پر وزیر نے شرکأ میں میڈل اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔