گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کیخلاف | جموں میں شیو سینااورڈوگرہ فرنٹ کا احتجاج

Towseef
3 Min Read

عظمیٰ نیوزسروس

جموں//شیوسینا جموں و کشمیر اور ڈوگرہ فرنٹ نے منگل کو جموں و کشمیر اسمبلی کے پہلے اجلاس میں مرحوم علیحدگی پسند رہنما سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے خلاف جموں میں احتجاج کیا۔منگل کے روز، جنوبی کشمیر سے تعلق رکھنے والے نیشنل کانفرنس کے قانون ساز، بشیر احمد ویری نے اسمبلی کے جاری اجلاس میں تعزیتی حوالہ جات پڑھتے ہوئے، سابق رکن اسمبلی سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ریاستی شیوسینا کے سربراہ منیش ساہنی نے اس اقدام پر اراکین اسمبلی کی تنقید کی۔منگل کو، شیوسینا کے ریاستی سربراہ، منیش ساہنی نے ریاستی مرکزی دفتر جموں میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ “پاکستان کے حامی علیحدگی پسند اور بنیاد پرست رہنما سید علی مرحوم کی تعریف کرتے ہوئے جموں و کشمیر اسمبلی میں شاہ گیلانی کا بیان انتہائی قابل مذمت اور غیر ضروری فعل ہے۔‘‘انہوں نے کہا کہ یہ بداعمالی ایک بار پھر کشمیر میں علیحدگی پسندی اور بنیاد پرستی کی چنگاری کو بھڑکا سکتی ہے۔ ساہنی نے کہا کہ گیلانی پر “ان کے خلاف غداری سے لے کر حوالا فنڈنگ، پتھراؤ کرنے والوں کو اکسانے تک کے بہت سے الزامات ہیں۔وہ کشمیر، جو کہ ہندوستان کا اٹوٹ انگ ہے، کو پاکستان کے ساتھ ضم کرنے کا خواب دیکھا کرتا تھا۔ جس سے پاکستان میں بیٹھے آقاؤں نے خوش ہو کر انہیں نشان پاکستان سے نوازا‘‘۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے “قوم کے اتحاد اور سالمیت کا حلف لیا تھا اور آرٹیکل 370 کو برقرار رکھنے اور ریاست کی ترقی پر توجہ دینے کا بیان دیا تھااور اچانک، اسمبلی اجلاس کے پہلے اور دوسرے دن، عمر نے آرٹیکل 370 کا گانا گا کر گرگٹ کی طرح اپنا رنگ بدل لیا، اور ان کی پارٹی کے ایم ایل اے نے سید علی شاہ گیلانی کو خراج عقیدت پیش کیا‘‘۔دوسری جانب ڈوگرہ فرنٹ کے صدر اشوک گپتا کی قیادت میں ڈوگرہ فرنٹ کے کارکنوں نے بھی مرحوم سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے خلاف احتجاج کیا۔ ڈوگرہ فرنٹ کے کارکن رانی پارک جموں کے قریب جمع ہوئے اور آرٹیکل 370 کی منسوخی کے خلاف اسمبلی میں بل پیش کرنے پر پی ڈی پی کے خلاف نعرے لگائے۔گپتا نے کہا کہ سید علی شاہ گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرنا “اسمبلی میں دہشت گردی کی تعریف کرنے کے مترادف ہے، جو اچھی علامت نہیں ہے”۔ انہوں نے کہا کہ سید علی شاہ گیلانی ’’بھارت مخالف تھے اور کئی ملک دشمن مقدمات میں ملوث ملک کے خلاف جنگ لڑ رہے تھے‘‘۔

Share This Article