سرینگر//حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی اور متحدہ جہاد کونسل چیئرمین سید صلاح الدین نے کیلر شوپیان میں بینک کے دو محافظوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔گیلانی نے غمزدہ گھرانوں کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان ہلاکتوں کو ناقابل قبول قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کی وجہ سے جموں کشمیر میں انسانی زندگیاں بھینٹ چڑھ رہی ہیں اور اس سرزمین میں جو بھی خون خرابہ ہورہا ہے اس کی تمام تر ذمہ داریا ںبھارت پر عائد ہوتی ہیں۔اس دوران حزب سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ بنک ڈکیتیوں اور بینک ملازمین پر حملوں میں پیشہ ور مجرم یا بھارتی ایجنٹ ملوث ہوسکتے ہیں۔ جہاد کو نسل ترجمان سید صداقت حسین کی طرف سے موصولہ بیان کے مطابق صلاح الدین نے یونسو ہندوارہ میںجاں بحق ہوئے جنگجوئوں کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ مقدس لہو ضائع نہیں ہوگابلکہ ضرور رنگ لائے گا۔انہوں نے مصرہ بانو نامی خاتون کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر میں مردوں سے زیادہ خواتین نے بیش بہا قربانیاں دی ہیں ۔انہوں نے مذکورہ خاتون کوخراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ فورسز نے اس معصوم خاتون کو نشانہ بناکرپھر ایک بار یہ ثابت کیا کہ وہ کسی بھی کشمیری کو اپنا دشمن سمجھتے ہیں ،چاہے وہ مسلح ہو یا غیر مسلح ،مرد ہو یا عورت ،بزرگ ہو یا بچہ۔صلاح الدین نے جے کے بنک سیکورٹی گارڈ مشتاق احمد اور طارق احمد کے ورثاء سے بھی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعہ میں یا تو پیشہ ور مجرم یا بھارتی ایجنٹ ملوث ہو سکتے ہیں ۔انہوں نے اس واقعہ کی مذمت کی اور مرحو مین کیلئے دعائے مغفرت کی۔