سرینگر//حریت (گ) چیئر مین سید علی گیلانی کا سنیچر کے دن صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ میں تفصیلی طبی معائینہ کرایا گیا اور اس موقعہ پر کئی ضروری ٹیسٹ بھی کئے گئے، جن کی رپورٹ اطمینان بخش آگئی ہے۔ تین چار دن قبل گیلانی نے سینے میں بائیں جانب کچھ تکلیف محسوس کی تھی، جس کے بعد ماہر امراض قلب ڈاکٹر شیخ برہان نے ان کا طبی معائینہ کیا اور ایل ایف ٹی (LFT)وکے ایف ٹی (KFT)سمیت کئی ٹیسٹس(Tests)کرانے کا مشورہ دیا۔ ڈاکٹر برہان نے پیس میکر کا تفصیلی چیک اپ کرانے کا بھی مشورہ دیا تھا، اس کے پیشِ نظر سنیچر کو گیلانی کو صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ لے جایا گیا، جہاں پیس میکر کا چیک اپ کرانے کے بعد الڑا سونو گرافی(USG)اور ای سی جی (ECG)سمیت کئی مزید ٹیسٹ (Test)بھی کرائے گئے۔ گیلانی کے تفصیلی چیک اپ کے بعد گیلانی کو اسپتال سے رخصت کردیا گیا۔