سرینگر // حریت (گ) چیئرمین سید علی گیلانی سمیت متعدد دیگر علیحدگی پسند قائدین کو بدستور نظربند رکھا گیا ہے، تاہم حریت (ع) چیئرمین میرواعظ عمر فاروق اور لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک کی خانہ یا تھانہ نظربندی ختم کردی گئی ہے۔ گیلانی کو بدستور اپنے گھر پر نظربند رکھا گیا ہے۔انکے علاوہ شبیر احمد شاہ، محمد اشرف صحرائی، نعیم احمد خان اور محمد اشرف لاوے کو بدستور خانہ نظربند رکھا گیا ہے۔ میرواعظ عمر فاروق جنہیں اتوار کی شام اپنی رہائش گاہ پر نظربند کیا گیا تھا، کی خانہ نظر بندی ختم کی گئی ہے۔ان کی نگین رہائش گاہ سے سیکورٹی ہٹالی گئی ہے۔ فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک جنہیں پولیس نے اپنے گھر سے حراست میں لیا تھا، کو گذشتہ رات سینٹرل جیل سے رہا کیا گیا۔