عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ملک بھر میں ’گھر گھر کے سی سی ابھیان‘ کو آگے بڑھاتے ہوئے، جے اینڈ کے بینک جموں و کشمیر میں کے سی سی کیمپوں کا انعقاد جاری رکھے ہوئے ہے۔جے اینڈ کے بینک کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سدھیر گپتا نے منگل کو ایسے ہی ایک کیمپ کا دورہ سانبہ کے رام گڑھ علاقے میں زونل ہیڈ (کٹھوعہ)، کلسٹر ہیڈ (سانبا) اور علاقے کے ممتاز شہریوں کی موجودگی میں پی ایم کسان کے استفادہ کنندگان اور عہدیداروں کے علاوہ مقامی باشندوں کے ایک بڑے اجتماع کے درمیان کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سدھیر گپتا، جو مہمان خصوصی بھی تھے، نے تمام پی ایم کسان استفادہ کنندگان پر زور دیا کہ وہ KCC اسکیم کے تحت متعدد فوائد حاصل کریں۔انہوں نے کہا’’ملک کی دیہی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہونے کے ناطے، زراعت اس سے اور اس سے منسلک سرگرمیوں سے وابستہ لوگوں کی ایک بہت بڑی تعداد کے لیے ترقی کے لحاظ سے بہت بڑا وعدہ رکھتی ہے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا’’کے سی سی اسکیم کے تحت آسانی سے قابل رسائی اور سستی مالیات کے ذریعے جاری’گھر گھر کے سی سی ابھیان‘ کا مقصد کسانوں کی آمدنی میں اضافہ کرنا ہے تاکہ ان کی زرعی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کے ساتھ ساتھ بہتر زرعی آلات اور فصل کاٹنے کے بعد کے بہتر طریقہ کار کو آسان بنایا جا سکے‘‘۔کے سی سی اسکیم کے تحت گپتا نے پی ایم کسان استفادہ کنندگان میں 40 منظوری کے خطوط تقسیم کئے۔اس موقع پر ای ڈی نے جموں و کشمیر کے تمام اہل کسانوں سے اپنی اپیل کا اعادہ کیا کہ وہ آگے آئیں اور اس فائنانس اسکیم سے فائدہ اٹھائیں جو انہیں کاشتکاری کی ضروریات کے لیے لچکدار اور آسان طریقہ کار کے ساتھ مناسب اور بروقت مالی مدد فراہم کرنے کے لیے تیار کی گئی ہے۔زونل ہیڈ نے ان متعدد فوائد کا ایک مختصر جائزہ پیش کیا جو KCC اسکیم کے تحت حاصل کیے جاسکتے ہیں۔