جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے ہرنی علاقہ میں ایک گھریلو تنازعہ نے اس وقت سنگین صورت اختیار کر لی جب دو گروپوں کے درمیان زبانی تکرار ہوئی جو بعد میں احتجاج کی شکل اختیار کر گئی۔ مقامی ذرائع کے مطابق، تنازعہ کسی خاندانی معاملے پر تھا، جس کے نتیجے میں ایک گروپ نے مینڈھر تا سرنکوٹ سڑک کو بلاک کر کے گاڑیوں کی آمد و رفت بند کر دی۔اس احتجاج میں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین بھی شامل تھیں، جنہوں نے سڑک پر دھرنا دے کر ٹریفک کی روانی کو مکمل طور پر روک دیا۔ احتجاج کے باعث علاقے میں شدید ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہو گئی اور عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔صورتحال کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے ایس ایچ او ہرنی فوری طور پر پولیس ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچے۔ پولیس افسر نے مظاہرین سے بات چیت کی اور ان کے مطالبات کو سنا۔ ایس ایچ او نے احتجاج کرنے والے لوگوں کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے مسئلے کو سول انتظامیہ کے ساتھ اٹھایا جائے گا تاکہ مسئلے کا پرامن حل نکالا جا سکے۔پولیس کی بروقت مداخلت اور مکالمے کے بعد مظاہرین نے احتجاج ختم کر دیا اور سڑک کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔ اس کے بعد ٹریفک کی روانی بحال ہوئی اور معمولات زندگی دوبارہ بحال ہو گئے۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کریں اور قانون ہاتھ میں نہ لیں۔