سمت بھارگو
راجوری//ضلع راجوری کے دور دراز علاقہ بدھل کے گھبر گاؤں میں ایک جنگلی بلی نما جانور کے اچانک نمودار ہونے سے مقامی لوگوں میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق یہ جانور کچھ دیر تک گاؤں کے مختلف حصوں میں گھومتا رہا، جس کے بعد لوگوں نے احتیاطی طور پر محکمہ وائلڈ لائف سے رابطہ قائم کیا۔مقامی باشندوں نے جانور کی تصاویر اور ویڈیوز واٹس ایپ کے ذریعے محکمہ جنگلی حیات کو بھیجیں تاکہ اس کی شناخت کی جا سکے۔ محکمے کے ماہرین نے فوٹیج کا بغور جائزہ لینے کے بعد بتایا کہ یہ جانور دراصل ’سِویٹ کیٹ‘ ہے جو عام طور پر جنگلات میں پائی جاتی ہے اور انسانوں کے لئے کوئی خطرہ نہیں بنتی۔مقامی شخص محمد یاسر نے بتایا کہ محکمہ وائلڈ لائف کے اہلکاروں نے گاؤں والوں کو ہدایت دی کہ جانور کو نقصان نہ پہنچایا جائے بلکہ اسے قدرتی ماحول میں واپس چھوڑ دیا جائے۔انہوں ’محکمے کی ہدایت پر ہم نے اس بلی کو محفوظ طور پر قریب کے جنگل میں چھوڑ دیا تاکہ یہ اپنی فطری رہائش گاہ میں واپس جا سکے‘۔محکمہ جنگلی حیات کے مطابق سِویٹ کیٹ ایک نایاب مگر بے ضرر جنگلی نسل ہے جو رات کے وقت سرگرم رہتی ہے اور چھوٹے کیڑے مکوڑوں اور پھلوں پر گزارہ کرتی ہے۔ ایسے جانور اکثر کھانے یا پناہ کی تلاش میں دیہی علاقوں کا رخ کر لیتے ہیں۔محکمے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی مقام پر اس نوعیت کے جانور نظر آئیں تو فوری طور پر محکمہ وائلڈ لائف کو اطلاع دیں تاکہ انہیں محفوظ طریقے سے جنگل میں واپس بھیجا جا سکے۔