بارہمولہ// پٹن کے گھاٹ گوپالن علاقہ میںپانی ،سڑک، بجلی اور طبی خدمات جیسی بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے نتیجے میں مقامی لوگوں کو سخت مشکلات درپیش ہیں ۔ ایک مقامی شہری محمد سلطان نے کشمیر عظمیٰ کوبتایا کہ علاقے میں کئی ماہ سے پینے کے پانی کی شدید قلت ہے اور محکمہ پی ایچ ای کی جانب سے انہیں پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کیلئے اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں جس کے نتیجے میں لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ بستی کی خواتین دو کلومیٹر پیدل سفر کر کے ایک ندی سے پانی حاصل کرتی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ سرکار نے اس گائوں کو سڑک رابطے سے بھی محروم رکھا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر چہ سرکار نے کئی سال قبل ایک سڑک بنائی تھی تاہم وہ نہ ہونے کی برابر ہے کیونکہ آج تک اس سڑک کی مرمت نہیں کی گئی ہے ۔مقامی لوگوں کے مطابق گائوں میں بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے اکثرو بیشتر گھپ اندھیرا چھایا رہتا ہے۔ایک اورمقامی باشندے مشتاق احمد نے بتایا کہ گائوں میںطبی سہولیات کا بھی فقدان ہے اورمریضوں کو معمولی علاج و معالجہ کی غرض سے بھی پٹن یا ضلع کے دیگر ہسپتالوں کا رخ کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ علاقہ نہ صرف سرکار بلکہ سبھی سیاسی جماعتوں کی نظروں سے اوجھل ہے اور صرف انتخابات کے دوران ہی نظر آتے ہیں ۔