کنگن/ / کرگل سے سرینگر آرہی ایک اینووا گاڑی گگن گیر سونہ مرگ کے مقام پر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر نالہ سندھ میں جاگری جس کے نتیجے میں ڈرائیور پانی میں ڈ وب کر لقمہ اجل بن گیا جبکہ گاڑی میں سوار ایک مسافر شدید طور زخمی ہوگیا ۔ اینووا گاڑی زیر نمبر JK01T/9484 گگن گیر ہنگ پارک کے نزدیک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر نالہ سندھ میں جاگری جس کے نتیجے میں گاڑی کا ڈرائیور 24سالہ فیاض احمد گورو ولد محمد سلطان گورو ساکن بلال کالونی قمرواری سرینگر ،کرشن لال بالا ولد منگت رام بالا ساکن رامیشور ٹمپل جواہرنگر سرینگر پانی میں ڈوب گئے ۔ پارک کے نزدیک قائم احسان ریزاٹس کے مالک اِحسان وانی نے فوری طور پر پولیس سٹیشن گنڈ کو مطلع کیا جس کے بعد ایس ایچ او گنڈ ، اور ایس ڈی آر ایف گاندربل کے علاوہ لوگوں کی بڑی تعداد جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور بچائو کارروائی شروع کی ۔ فیاض احمدگورو کو پانی کے تیز بہائو نے اپنے ساتھ لے لیا جبکہ گاڑی میں سوار ایک اور مسافر چند گھنٹوں تک پانی میں گاڑی کے اوپر چلا تا رہا ۔ بچائو کارروائی کے دوران کافی مشقت کے بعد مذکورہ شخص کو پانی سے باہر نکالا گیا اور اسے علاج و معالجہ کے لئے صورہ منتقل کیا گیا ۔ایس ایچ او پولیس سٹیشن گنڈ خورشید احمد آوان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ مذکورہ نوجوان کو پانی کے تیز بہائو نے اپنے ساتھ لے لیا تاہم لاش کو برآمد کرنے کے لئے تلاش بڑے پیمانے پر جاری ہے ۔