عظمیٰ نیوزسروس
جموں//بی جے پی کے قومی جنرل سیکریٹری ترن چگ نے سنیچر وار کو گپکار الائنس پر الزام لگایا کہ یہ الائنس تین خاندانوں کا گٹھ جوڑ تھا جس نے کشمیر کو دہکتے شعلوں کی نذر کیا تھا ۔ چگ نے کہاکہ ان تینوں خاندانوں کا آنے والے الیکشن میں جموںکشمیر کی سیاست سے ہمیشہ کیلئے صفایا ہوجائے گاکیوں کہ لوگ بی جے پی اور وزیراعظم نریندرمودی پر بھروسہ کرتے ہیں اور اسی پارٹی کے ساتھ وابستگی ظاہر کررہے ہیں جیسا کہ گزشتہ دنوں سرینگر میں لاکھوں لوگوں کی موجودگی سے ظاہر ہوا ہے ۔ترون چگ نے گپکار الائس کو ناپاک گٹھ جوڑ قراردیتے ہوئے کہاکہ اس الائنس کا خاتمہ طے تھا ۔ چگ نے کہا کہ گپکار گٹھ جوڑ تین خاندانوں عبداللہ خاندان،مفتی خاندان اور گاندھی خاندان کا الائنس تھا جس کا خاتمہ طے تھا ۔ انہوںنے بتایاکہ ان تینوں جماعتوں نے جموں کشمیر میں اپنے مفادات کیلئے تباہی مچادی تھی اور یہی لوگ سب کے ذمہ دار ہے ۔ ایک ویڈیو پیغام میںبی جے پی کے جنرل سیکریٹری نے گپکار الائنس پر تبصرہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس الائنس میں شامل جماعتوں نے کشمیر کو دہکتے ہوئے شعلوں کی طرف جھونک دیاتھا۔ انہوںنے بتایا کہ انہوںنے کشمیریوں کا استحصال کیا اور ہمیشہ سے ہی اپنے مفادات کی خاطر کشمیر ی عوام کو دھوکے میں رکھا ۔ چگ نے بتایا کہ ان تینوں جماعتوں کی سیاست ہمیشہ کیلئے ختم ہوجائے گی کیوں کہ آنے والے لوک سبھا انتخابات میں لوگ ان کو نکال باہر کریں گے ۔ انہوںنے بتایا کہ اب لوگ بی جے پی کا ساتھ دے رہے ہیں اور اسی جماعت پر اعتمادکررہے ہیں جیسا کہ گزشتہ دنوں سرینگر میں ایک ریلی میں وزیر اعظم کو سننے اور دیکھنے کیلئے لاکھوں لوگ جمع ہوئے ۔