عظمیٰ نیوزسروس
گول//ملی ٹینسی کے خلاف ایک اہم اقدام کے تحت گول کے ہارہ اور دلواہ علاقہ میں پولیس نے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے ایکٹ 1967 کی دفعہ 25 کے تحت 2 جائیدادیں یعنی 10.18کنال زرعی زمین منسلک کی ہے۔ منسلک کی گئی اراضی جس کا رقبہ 07 کنال 03 مرلہ ہے، محمد شریف ولد محمد سلطان ساکن دلوہ، تحصیل گول، ضلع رام بن کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔ یہ زمین خسرہ نمبر 282 من، 274 من، 664/544/361،کھیوٹ نمبر 98 اور 99 کے تحت آتی ہے، جو گاؤں دلوہ، تحصیل گول، ضلع رام بن میں واقع ہے۔وہیں ایک اور شہری کی اراضی جس کا رقبہ 03 کنال 15 مرلہ ہے، محمد یونس ولد گلو گوجر ساکن ہارا، تحصیل گول، ضلع رام بن کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔ یہ زمین خسرہ نمبر 129/330/193/402/363/343/214/182/124/127، کھیوٹ نمبر 51، 52 اور 55 کے تحت آتی ہے، جو گاؤں کلی مستہ موہرا ہارا، تحصیل گول، ضلع رام بن میں واقع ہے۔تمام منسلک کی گئی جائیدادیں مال گزاری ریکارڈ میں درج ہیں اور ان کی فروخت یا منتقلی پر پابندی کے نوٹس یو اے پی اے کے تحت جاری کر دیے گئے ہیں۔یہ منسلکیاں کیس ایف آئی آر نمبر 04/2024زیردفعہ 120-B/121-A/IPC, 13/18/20/39 یواے پی اے پولیس اسٹیشن گول کے حوالے سے کی گئی ہیں اور یہ کارروائی پولیس ٹیم اور ایک ایگزیکٹو مجسٹریٹ کی موجودگی میں مکمل قانونی تقاضوں کے تحت انجام دی گئی۔یہ ذکر کرنا ضروری ہے کہ مذکورہ کیس کی تفتیش کے دوران پولیس نے فروری 2025 میں پہلے ہی 23.13 کنال زمین منسلک کی تھی، اور آج مزید 10.18 کنال زمین منسلک کی گئی۔ اس طرح اس کیس میں اب تک کل 34.11 کنال زمین منسلک کی جا چکی ہے۔یہ کارروائی علاقے میں غیر قانونی اور تخریبی سرگرمیوں کی تفتیش میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ یہ رامبن پولیس کی قومی سلامتی کو لاحق خطرات کو ختم کرنے اور امن و امان برقرار رکھنے کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔جموں وکشمیر پولیس دیگر ایجنسیوں کے ساتھ مل کر قوم کی خودمختاری اور سالمیت کو خطرے میں ڈالنے والی سرگرمیوں میں ملوث افراد اور اداروں کے خلاف سخت اقدامات کرنے کے مشن پر قائم ہے۔