ایک کنبہ محفوظ مقام پر منتقل، لوگوں میں خوف کا ماحول، انتظامیہ و سرکار سے امداد کی اپیل
زاہد بشیر
گول //گول کے موئلہ علاقے ملک پورہ میں حالیہ دنوں کی شدید بارشوں کے نتیجے میں اراضی کھسکنے کا واقعہ پیش آیا جس سے کئی رہائشی مکانات کی دیواروں اور زمینوں میں بڑی بڑی دراڑیں پڑ گئیں۔ مقامی لوگوں کے مطابق رات کو اچانک زمین کھسکنے کے باعث متاثرہ گھروں میں رہنے والے افراد خوف و ہراس کا شکار ہوگئے اور اپنی جان و مال کو محفوظ رکھنے کے لئے فوری طور پر گھروں کو خالی کر کے ایک محفوظ مقام پر منتقل ہوگئے۔علاقہ مکینوں نے انتظامیہ سے فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے اور ان کے لئے عارضی رہائش، کھانے پینے کا بندوبست اور مالی امداد یقینی بنائی جائے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ زمین کھسکنے کا سلسلہ اگر جاری رہا تو مزید مکانات بھی متاثر ہوسکتے ہیں جس سے جانی و مالی نقصان کا خدشہ ہے۔جن کے گھروں میں کافی زیادہ دراڑیں پڑی ہیں ان میں نصیر احمد ملک ولد عبدالحمید ملک ، ممتاز احمد ملک ولد عبدالحمید ملک ، عبدالقیوم ملک ولد جمال الدین ملک ، عبید الرحمان ملک ولد عبدالقیوم ملک ، سجاد احمد ملک ولد نذیر احمد ملک اور اشفاق احمد ملک ولد عبدالرشید ملک شامل ہیں ۔وہیں اس دوران علاقہ ہارہ میں بھی عبدلغنی ولد عبدالصمد کا مکان کو شدید خطرہ لا حق ہے ۔ اس موقع پر مقامی نمائندوں نے بھی انتظامیہ کو متحرک ہونے کی ضرورت پر زور دیا اور مانگ کی کہ متاثرہ مقام پر جیو ٹیکنیکل ماہرین کی ٹیم بھیجی جائے تاکہ صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لے کر مستقل حل نکالا جا سکے۔ عوام میں یہ خدشہ گہرا ہوتا جارہا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ اٹھائے گئے تو پورا علاقہ کسی بڑے سانحے سے دوچار ہوسکتا ہے۔کئی مقامی افراد نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ لگا تار شدید بارشوں کی وجہ سے مزید نقصان کا خدشہ ہے جس سے خوف وہراس مزید بڑھ رہا ہے۔ عوام نے سرکار اور ضلعی انتظامیہ سے فوری مدد اور بچاؤ کے اقدامات کرنے کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔وہیں اس دوران انتظامیہ نے لوگوں کو احتیاط برتنے کی اپیل کی اور کسی بھی نقصان کے سلسلے میں فوری طو رپر پولیس و انتظامیہ کو مطلع کریں تا کہ بروقت کاروائی ہو سکے اورکسی بھی جانی نقصان کو روکا جا سکے ۔