زاہدبشیر
گول//گول صدر مقام کے ساتھ ملانی والی واحد سڑک جمن گاگرہ جو پچیس برسوں میں بھی سرکاروں سے نہیں بن پا رہی ہے،ہر آنے والے الیکشن کے لئے سیاسی لیڈران کو منشور میں اس سڑک کو پائیہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے ایک وعدہ بند بات بنتی ہے لیکن عوام ہر روز مصیبت کا شکار ہوتی ہے ۔ تھوڑی سی بارش کے دوران بھی یہ سڑک بند ہو جاتی ہے جہاں کئی جگہوں پر پسیوں کی وجہ بنتی ہے اور قریباً تین بڑے نالوں پر پل نہ ہونے کی وجہ سے بھی عوام کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی لوگوں نے کہا کہ یہاں اس سڑک پر تین بڑے نالے آتے ہیں اور تھوڑی سی بارش میں بھی یہ بند ہو جاتے ہیں اور کبھی کبھار یہاں پر کافی زیادہ ملبہ آ جاتا ہے جو بڑے بڑے پتھروں کو ساتھ لاتا ہے اور عوام کو کوئی دنوں تک قید میں ہی رہنا پڑتا ہے ۔ اگر کوئی بیمار ہو جاتا ہے تو پھراُسے چار پائی کے ذریعے ہی لانا پڑتا ہے ۔ لوگوں نے کہا کہ گوڈری نالہ ، ہارہ نالہ میں تین پل ہیں جن میں سے دو پر کام تو لگا تھا لیکن وہ کچھوے کی رفتار سے ہے 2018میں گوڈری نالہ میں ٹینڈر لگے تھے اور ابھی تک اس کی سائڈیں نہیں بنی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اتنے بڑے عرصے کے دوران دو پل تعمیر نہیں ہو پا رہے ہیں اگر چہ حالیہ دنوں میں گول میں ایم ایل اے سجاد شاہین کے دربار میں بھی عوام نے آواز بلند کی تھی کہ پلوں پر جلد از جلد تعمیری کام شروع کیا جائے لیکن ایک دن یہاں پر مزدور آئے تھے اور پھر نظرنہیں آئے۔لوگوں نے کہا کہ ٹھیکیدار عیاش پرست ہیں ، امیر لوگ ہیں انہیں عوام سے کیا لینا دینا ہے اور وہ عوام کی زندگی کے ساتھ کھیل رہے ہیں ۔لوگوں نے کہا کہ گزشتہ شب شدید بارشوں کی وجہ سے ہارہ کے مقام پر بڑے بڑے پتھر اور ملبہ سڑک میں گر آیا ہے اور کئی جگہوں پر سڑک کے ڈنگے ہی نکل گئے ہیں یہاں چلنا محال بن گیا ہے گاڑیوں کی تو دور کی بات ہے۔ انہوں نے گورنر انتظامیہ اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے مطالبہ کیا کہ گول گاگرہ روڈ کو پائیہ تکمیل تک پہنچانے کے ساتھ ساتھ اس پر جتنے بھی پل ہیں ان کو مکمل کیا جائے تا کہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔