میکڈم بچھانے کا وقت گزرتا جارہاہے ، محکمہ کی لا پرواہی کا شاخسانہ
زاہد بشیر
گول//گول سب ڈویژن کی اکثر رابطہ سڑکیں کھنڈرات میں تبدیل ہو گئی ہیں اور کئی سڑکوں پر ڈرائیور لوگ گاڑی چلانے سے بھی انکار کرتے ہیں۔ اگر چہ محکمہ تعمیرات عامہ کی جانب سے کافی دیر پہلے گول میں کئی سڑکوں پر میکڈم ڈالنے کے ٹینڈر بھی نکالے تھے لیکن ابھی تک ان سڑکوں کی طرف کسی نے دیکھا بھی نہیں ہے اور سڑکوں میں آب ِ نکاس کی حالت بھی نہایت ابتر ہے ۔ گزشتہ شدید بارشوں کے دوران نالیوں کی خستہ حالت کی وجہ سے بھی لوگوں کو شدید نقصانات سے دوچار ہونا پڑتا ۔ کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے گول کے ڈرائیوروں و عام شہریوں نے کہا کہ کافی عرصہ گول میں کئی سڑکوں پر میکڈم ڈالنے کے ٹینڈر سوشل میڈیا پرگشت کر رہے تھے لیکن زمینی سطح پر کہیں دکھائی نہیں دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اب موسم سردی کا آ رہا ہے اور میکڈم غیر معیاری پڑسکتا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ محکمہ کو پہلے چاہئے تھا کہ گول میں میکڈم کا کام کرنا چاہئے اور بعد میں گول کے گرم علاقوں میں کیونکہ گول میں سردی جلدی پڑتی ہے اور سردی میں میکڈم اچھا نہیں پڑتا ہے ۔ ماضی میں بھی اسی طرح سے سردیوں میں میکڈم ڈالا گیا تھا اور چند ماہ کے بعد وہ اکھڑ جاتا ہے اور بعد میں کوئی اس کی ذمہ داری نہیں لیتا ہے ۔ لوگوں نے کہا کہ اگر چہ میکڈم ڈالنے کے بعد پانچ سال تک ٹھیکیدار کو اس کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ اس کی رکھ رکھائو کرے لیکن یہاں کا باواآدم ہی نرالہ ہے ۔ یہاں کام کرنے کے بعد پانچ سال کوئی نہیں دیکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گول سلبلہ، گگر سولہ ، مکجی ، بائی پاس ، داچھن ، اندھ ، ڈھیڈہ، دلواہ، ٹھٹھارکہ، بولنی ٹاپ، مہاکنڈ، شہیدی روڈ گاگرہ، بھیمداسہ ، تتا پانی ، وغیرہ سڑکوں کی حالت نہایت ہی ابتر ہے ۔انہوں نے گورنر انتظامیہ اور موجودہ سرکار و ایم ایل اے بانہال سجاد شاہین سے مطالبہ کیا کہ گول میں سڑکوں کی حالت کو بہتر بنایا جائے اور یہاں پہلے میکڈم ڈالا جائے کیونکہ یہ سرد علاقے ہے اور بعد میں گول کے گرم علاقوں میں ڈالا جائے تا کہ کام بہتر ہو سکے ۔