زاہد بشیر
گول//گول صدر مقام سے صرف آدھ کلو میٹر پر واقع وارڈ نمبر چار پنچایت گول بی کے لوگ کئی ہفتوں سے لگا تار پینے کے پانی سے محروم ہیں ۔ مقامی لوگوں کے مطابق حوض باالکل خالی پڑا ہوا ہے جس وجہ سے لوگوں کو پانی نہیں مل رہا ہے ۔ روشن دین سابقہ سرپنچ پنچایت حلقہ گول بی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جہاں سے حوض کو پانی آتا تھا وہ چشمہ سوکھ گیا ہے اور اب اس کے لئے دوسری جگہ سے بھی پانی کی سپلائی لائن لگائی گئی تھی لیکن اس سے بھی اس حوض میں پانی چھوڑا نہیں جا رہا ہے جس وجہ سے یہاں کی بستی کئی ہفتوں سے مکمل طور پر پانی کے بغیر ہیں اور خواتین دور دور سے پانی لاتی ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ اگر چہ اس سلسلے میں متعلقہ محکمہ کے ملازمین و آفیسران سے بھی کئی مرتبہ استدعا کی تھی لیکن کسی نے اس کی طرف کوئی توجہ نہیں دی ۔ روشن دین کے مطابق محکمہ صرف یہ دعویٰ کر رہا ہے کہ لوگوں کو پانی کی قلت محسوس نہیں ہونے دی جا رہی ہے اور ٹینکر کے ذریعے سے لوگوں کو پانی دیا جاتا ہے لیکن ایسا کچھ نہیں ہے یہ سب کچھ جھوٹ ہے کیونکہ یہاں پانی ہفتوں سے نہیں ہے اور محکمہ سے مطالبہ بھی کیا تھا کہ ٹینکر کے ذریعے سے اس حوض میں پانی بھرا جائے اور یہ حوض سڑک سے صرف چالیس میٹر کی دوری پر واقعہ ہے جہاں سے لوگوں کو آسانی سے پانی سپلائی ہوتا ہے لیکن محکمہ نے اس کی طرف کوئی توجہ نہیں دی ۔ انہوں نے انتظامیہ اور سرکار سے مطالبہ کیا کہ علاقے میں پانی کی سپلائی بحال کیا جائے اور یہاں پر ٹینکر لگائے جائیں تا کہ لوگوں کو اس شدید پریشانی سے چھٹکارہ مل سکے۔