گول// شیطان صفت لوگوں کی جانب سے گول میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور ہر روز کوئی نہ کوئی واقعہ پیش آتا ہے جس وجہ سے پورے سب ڈویژن میں خوف و ہراس پیدا ہوا ہے ۔ آج بعد دوپہر دلواہ علاقہ میں دو الگ الگ واقعات پیش آئے جہاں ایک لڑکے اور ایک لڑکی کو نا معلوم افراد نے کوئی کیمیکل پھینک کر بے ہوش کر دیا جس وجہ سے علاقہ میں کافی افرا تفری کا ماحول پیدا ہوا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ سمیر احمد ولد شریف احمد نجار ساکنہ دلواہ عمر چودہ سال اور عابدہ بانو دختر عبدالحمید حجام ساکنہ دلواہ کو یکے بعد دیگرے شیطان صفت لوگوںنے وارداتیں انجام دیں جن میں ان لوگوں نے کوئی کیمیکل پھینک کر ان بچوں کو بے ہوش کر دیا ۔ علاقہ میں کافی دہشت کا ماحول پیدا ہوا ہے اور فوری طور پر سنگلدان کے پی ایچ سی میں ان کو علاج و معالجہ کے لئے داخل کیا گیا ہے ۔ وہیں پورے سب ڈویژن گول میں افرا تفری کا ماحول ہے ۔ گول کے موئلہ علاقہ میں گزشتہ شب نا معلوم افراد کی جانب سے لوگوں کو ڈرانے کے واقعات رونما ہوئے اور لوگوں نے کئی ایک فائر بھی کئے لیکن معلوم نہ ہو سکا یہ کون لوگ ہیں ۔ وہیں تنگالی علاقہ میں بھی دوران شب نامعلوم افراد نے پتھرائو کیا اور ایک شخص کو زخمی کرنے کی بھی اطلاع ہے ۔ وہیں ڈھیڈہ ، ہارہ، جمن ، سلبلہ اور دوسرے علاقوں سے اس طرح کا افرا تفری کا ماحول پیدا ہوا ہے اور لوگ بالخصوص بچیوں کو سکول جانے نہیں دیتے ہیں اور اگر بچیاں سکول گئی بھی تو گھر کا کوئی بڑا فرد ساتھ جاتا ہے ۔ لوگوں نے انتظامیہ اور پولیس سے مطالبہ کیا کہ وہ دوران شب فوج اور پولیس کو ان علاقوں میں لوگوں کی شکایت کے فوراً بعد بھیجیں اور دیکھیں اس طرح کے کون لوگ ہیں جو امن کو بگاڑ رہے ہیں اور اگر حالات ٹھیک نہیں ہوئے تو لوگ سڑکوں پر اُتر آئیں گے ۔