گول// غیر سیاسی تنظیم پیس اینڈ ویلفیئرکمیٹی نے آج اپنا پہلا یومِ تاسیس منایا اور اس موقعہ پرایس ڈی ایم گول، پرنسپل ہائیر سکینڈری سکول گول کے علاوہ معزز شہریوں نے شرکت کی ۔ اس موقعہ پر پیس اینڈ ویلفیئر کمیٹی کے صدر عبدالرشید بیگ نے کہاکہ جو کمیٹی انہوں نے گزشتہ سال بنائی اُس کاآج ایک سال مکمل ہوا ہے اورہم پُر امید ہیں کہ گزشتہ سال ہم نے عوامی مسائل کو حل کرنے کے لئے کافی کوشش کی ہے اور ہم کئی کاموں کوپائیہ تکمیل تک پہنچانے میں کامیاب بھی ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اس تنظیم کے قیام کا مقصد صرف اور صرف امن اور فلاح وبہبود کاموں کے لئے ہے اور ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ہم اُن تمام کاموں میں حصہ لیں جن سے علاقہ اور لوگوں کو فائدہ ہو۔انہوں نے کہا کہ ہم غریب لوگوں کے مسائل چاہئے وہ انفرادی ہو یا اجتماعی ،کو حل کر نے کی کوشش کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے ۔ اس موقعہ پردیگر مقررین نے پیس اینڈ ویلفیئر کمیٹی کے ایک سال مکمل ہونے پرمبارک باد پیش کرتے ہوئے کہاکہ جس طرح سے اس کمیٹی نے عوامی مسائل حل کرنے میں اپنا رول ادا کیا ہے وہ قابل تحسین ہے اوران کوششوں اور کاوشوں کو ہر سطح پر سراہا جا رہاہے ۔انہوں نے کہاکہ کمیٹی کے ساتھ ہم تمام لوگ ہیں اور کمیٹی کو عوامی مسائل حل کرنے کے لئے ہر وقت تیار رہنا چاہئے ۔ اس موقعہ پر تعلیم، سڑک، صحت و دیگر مسائل بھی زیر غور لائے گئے جنہیں بہتری کی پٹری پر لانا از حد ضروری ہے اور موقعہ پرموجود ایس ڈی ایم نے کمیٹی کو یقین دلایا کہ وہ اُن کے تمام مسائل حل کرنے کے لئے پیش پیش ہیں ۔ اس موقعہ پر ایس ڈی ایم نے ڈگری کالج کی جلدتعمیر کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ ایک دو ہفتے کے اندر اندر ڈگری کالج پر تعمیری کام شروع کر دیا جائے گا اور بازار کی حالت کو بہتر بنانے میں بھی ایک دو دن میں قدم اٹھایا جائے گا۔اس موقعہ پربیو پار منڈل گول کے صدر محمداقبال تراگوال، کمیٹی کے جنرل سکریٹری محمد شفیع جرال، ڈاکٹر غلام رسول شاہ ،عبدالغنی منہاس ، محمدسعید وانی کے علاوہ دوسرے معززشہری بھی موجود تھے اور کمیٹی کی جانب سے شکریہ کی تحریک محمدشفیع جرال جرنلسٹ ،استاد نے کی ۔