زاہد بشیر
گول//گزشتہ شب گول و ملحقہ جات میں چند گھنٹوں کی شدید ژالہ باری و اولہ باری کی وجہ سے زمینداروں کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔ سنیچر کے روز بعد عصر گول میں شدید ژالہ باری و اولہ باری ہوئی جس وجہ سے یہاں پر پھلدار درختوں کو شدید نقصان پہنچا۔ اس سے قبل شدید ژالہ باری و اولہ باری میں جو فصل بچا تھا وہ اس شدید ژالہ باری کی وجہ سے تباہ و برباد ہو گیا یہاں تک درختوں کی ٹہنیاں زمین بوس ہو ئیں ۔ زمینداروں نے کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ امسال لگا تار اس موسم میں اس طرح کی طوفانی ہوائیں ، اولہ باری دوسری مرتبہ ہوئی اس سے قبل بھی ایک بار شدید ژالہ باری و اولہ باری ہوئی تھی جس میں کافی زیادہ نقصان ہوا تھا جہاں گاڑیوں کے شیشے تک چکناچور ہو گئے تھے ۔لوگوں نے کہا کہ اگر چہ گزشتہ شدید نقصان کے بعد انتظامیہ نے گائوں گائوں میں نقصانات کا جائزہ لینے کے لئے ٹیمیں بھیجیں تھیں لیکن ٹیم نے جو نقصان اُس وقت دیکھا تھا وہ کئی جگہوں پر کم ہوا تھا اور اب کی ژالہ باری و اولہ باری سے صد فیصد نقصان ہوا ہے ۔ زمینداروں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ پھر سے ان جگہوں پر ٹیموں کو بھیجیں جہاں پہلے کم نقصان ہوا تھا لیکن اب کی بار ہر جگہ صد فیصد نقصان ہوا ہے تا کہ زمینداروں کو سرکار کی جانب سے معقول معاوضہ مل سکے ۔