زاہد بشیر
گول//گول سب ڈویژن میں منی ہائیڈرو پاورپروجیکٹ کی منظور پر گول میں نیشنل کانفرنس کی جانب سے ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں نیشنل کانفرنس کے زونل نائب صدر ادھمپور ریاسی گلزار احمد شان ، بلاک صدر احد اللہ نیائک کے علاوہ دوسرے کار کنان بھی موجود تھے۔ اس موقعہ پر انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے ہمیشہ سے ہی جموںو کشمیر کی عوام کی خدمت کے لئے اپنا وقت وقف کیا ہے اور ہمیشہ اسی جدوجہد میں رہی ہے ۔ انہوں نے اس موقعہ پر گول سب ڈویژن کے بھیمداسہ کھراوا اور تتا پانی کے مقام پر دو منی ہائیڈرو پاور پروجیکٹوں کی وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی جانب سے منظوری پر نہایت ہی مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے بانہال کے ایم ایل اے سجاد شاہین اور ڈ ی ڈی سی چیر پرسن شمشادہ شان کا بھی شکریہ ادا کیا جن کی کاوشوں کی وجہ سے یہ دو بڑے پروجیکٹ یہاں ملے ہیں اور اس بات کی بھی امید کا اظہار کیا کہ اب ان پروجیکٹوں پر جلد تعمیری کام بھی شروع ہو گا ۔ اس موقعہ پر گلزار احمد شان نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے شروع سے ہی جموںو کشمیر کے ہر طبقے کے لئے زمینی سطح پر کام کیا ہے اور شیخ محمد عبداللہ نے پوری زندگی عوام کے لئے وقف کی تھی ۔ انہوں نے کہاکہ 13جولائی کا جو واقع پیش آیا ہے یہ نہایت ہی افسوس ناک ہے ۔ شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد کیا جائے گا کسی کے قد غن لگانے سے ان کو ہم بھول نہیں پائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور دوسرے وزراء کو مزار شہداء پر جانے سے روکنے کی ناکام کوشش کی گئی اور یہ کافی افسوسناک بھی ہے ۔ ہم شہداء کو کسی بھی وقت کسی بھی دن خراج عقیدت پیش کر سکتے ہیں اور شہداء کی قربانیاں نا قابل فراموش ہیں ۔ اس موقعہ پر انہوں نے کہا کہ امید ہے گول میں ڈگری کالج ، انڈور اسٹیڈیم ، کیندریہ ودھیالیہ و دوسرے پروجیکٹوں پر رکے تعمیری کام پر بھی ایم ایل اے سجاد شاہین ، ڈی ڈی سی چیر پرسن شمشادہ شان اپنا کلیدی رول ادا کر کے ان کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے ۔