گول// گول میں آج جمعہ نماز کے بعد لوگوں نے بازار میں محکمہ دیہی ترقی اور پی ڈی ڈی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اس دوران پورا بازار بند رہا ۔ یہ احتجاج پیس اینڈ ویلفیر کمیٹی گول زیر اشتراک بیو رپار منڈل گول ہوا ۔ اس موقعہ پر گول کے بہت سارے لوگوں و نوجوانوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔ جہاں ایک طرف سے نوجوانوں وہیں دوسری جانب بچوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈ تھامے تھے جن پر محکمہ دیہی ترقی اور پی ڈی ڈی محکمہ کے خلاف احتجاج درج تھا ۔ اس موقعہ پر لوگوں نے گول میں بجلی کی آنکھ مچولی کی بہتری کا مطالبہ کیا اور کہا کہ گول کے ساتھ سول انتظامیہ کی جانب سے سوتیلا سلوک روا رکھا جا رہا ہے ۔ اس موقعہ پر مظاہرین نے بی ڈی او گول کو جلد از جلد تبادلہ کرنے کا مطالبہ کیا اور ضلع انتظامیہ کے خلاف بھی نعرے بلند کئے ۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ گول کی عوام کئی مسائل سے دوچار ہیں اور ایس ڈی ایم گول ،تحصیلدار گول کے ساتھ ساتھ ضلع آفیسران اور ڈی سی رام بن بھی ان مسائل سے باخبر ہیں لیکن اس کے با وجود کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہو ا ۔ لوگوں نے کہا کہ شام ہوتے ہی بجلی چلی جاتی ہے اور صبح نماز سے قبل ہی بجلی غائب ہو جاتی ہے ۔ اس موقعہ پر مظاہرین نے بس اسٹینڈ گول میں دھرنا دیا جہاں پر مقررین نے کہا کہ گول میں لوگ کافی مشکلات سے دوچار ہیں اور بیس دن سے یہاں پر بجلی کی بہت زیادہ کٹوتی ہوتی ہے اور یہاںپر بجلی شیڈول کا بھی کوئی اتہ پتہ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلاک کی جانب سے تعمیرات کاموںکو ابھی تک ہاتھ نہیں لگایا گیا ہے اور اب موسم بھی گیا لیکن اس کے با وجود ابھی تک کچھ نہیں ہو پا رہا ہے اور بی ڈی او ان تمام کاموں کو شروع کرنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سالہا سال سے سیمنٹ التواء میںپڑا ہے اور رواں مالی سال کا بھی سیمنٹ ابھی تک نہیں آیا ہے اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ماضی کی طرح یہ لوگ اس سیمنٹ کو چور بازار میں فروخت کرنے کی طاق میں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گول میں تیلی خاکی کی شدید قلت پائی جا رہی ہے اور ایس ڈی ایم نے ایک دو دن کا وقفہ دیا تھا لیکن افسوس کا مقام ہے کہ یہ تمام آفیسران جھوٹ پر جھوٹ بول رہے ہیں صرف یقین دہانیاں کرائی جاتی ہیں لیکن کوئی کام نہیں ہو پا رہا ہے ۔ اس موقعہ پر مقررین نے مظاہرے کے دوران موجود ایس ڈی پی او سے مطالبہ کیا کہ وہ بی ڈی او گول اور پی ڈی ڈی کے خلاف ایف آئی آر درج کروائیں اور لوگ تمام ثبوت ایس ڈی پی او گول کو پیش کریں گے اور پچھلے تمام کاموں کی کارروائی کی جائے ۔انہوں نے اس موقعہ پر الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ اگر پانچ دن کے اندر اندر یہاں پر یہاں سے بی ڈی او گول کو تبدیل نہ کیا گیا ، بجلی کی سپلائی بہتر نہ بنائی گئی ، تیل خاکی نہ پہنچاتو یہاں پر پورا بازار بند کر کے احتجاج بلند کیا جائے گا اور اس کی تمام ذمہ داری سول انتظامیہ پر عائد ہو گی ۔