گول// گول میں ہر سال محکمہ تعمیرات عامہ و دوسرے محکمے سڑکوں کی تعمیرو تجدید کے نام پر کروڑوں روپے خزانہ عامرہ سے نکالتے ہیں لیکن ان کی حالت جوں کی توں ہے ۔ ان سڑکوں پر گاڑیوں کی دودر کی بات ہے انسان بھی پیدل نہیں چل پاتے ہیں اور ہر وقت مصیبت کے مارے عوام کی جانب کسی بھی محکمہ نے کوئی توجہ نہیں دی اور بالآخر گول کی دو سماجی تنظیمیں پیس اینڈ ویلفیئر کمیٹی اور سول سوسائٹی نے مشترکہ طور پر ایک وفد کی صورت میں ایس ڈی ایم گول پنکج بگوترہ سے ملاقات کی اور ان سے مطالبہ کیا کہ گول میں بہت ساری ایسی سڑکیں ہیں جن کی حالت نہایت ہی ابتر ہے اور یہاں پر اگر سڑکوں پر بنے کھڈوں کو بھر دیا جائے تو کسی حد تک سڑکوں کی حالت بہتر بنے گی اور لوگ پریشان نہ ہوں ۔ اس سلسلے میں ایس ڈی ایم گول نے دونوں سماجی تنظیموں کی بات سنی اور کئی گاڑیاں مک منگوائی گئی اور ان کھڈوں میں ڈالا گیا ۔ دونوں سماجی تنظیموں کی نگرانی میں گزشتہ شام کو گول سلبلہ روڈ پر کھڈوں پر بھرا گیا جس وجہ سے سڑک کی حالت کسی حد تک بہتر ہوئی اور جہاں جہاں سڑکیں بہت زیادہ خراب ہوں وہاں پر اسی طرح سے کھڈوں کو بھرا جائے گا ۔ پیس اینڈ ویلفیئر کمیٹی کے صدر عبدالرشید بیگ نے کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ تمام سڑکوں کی حالت نہایت ہی ابتر ہے اور بار بار محکموں سے اور سرکاروں سے مطالبات کے با وجود کوئی نتیجہ بر آمد نہ ہو سکا اور اب ہم خودمیدان میں آئے ہیں اور ہم نے ایس ڈی ایم گول سے مطالبہ کیا جنہوں نے ہماری یہ بات مانی اور ہم اُس کے مشکور ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بہت سارے ایسے مسائل ہیں جن کو جلد از جلد حل کرنا ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر انتظامیہ اورمحکمہ جات عوامی مسائل حل کرنے میں لیت و لعل سے کام لیں گے تو ہمیں مجبوراً عوام کو ساتھ لے کر احتجاج کرنا پڑے گا ۔