زاہد بشیر
گول// گول میں گزشتہ ایک سال سے سبزی فروشوں اور مرغ فروشوں کے پاس کوئی ریٹ لسٹ نہیں ہے اور یہ دکاندار من مرضی سے قیمتوں کو اوپر نیچے کرتے تھے اور نہ ہی انتظامیہ نے آج تک اس کی طرف کوئی توجہ دی ۔ یہ بات قابل افسوس ہے کہ جہاں ہر ایک دکاندار کو وقتاًفوقتاً ریٹ لسٹ کا ہونا ضروری ہے وہیں یہ دکاندار کس طرح سے اپنا کار و بار چلاتے تھے اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ انتظامیہ نے اس گول بازار میں قیمتوں کو اعتدال پر رکھنے کے لئے کوئی توجہ نہیں دی ۔ اس سلسلے میں کشمیر عظمیٰ نے آج گول بازار میں مختلف دکانداروں و مرغ فروشوں کے ساتھ ساتھ عام لوگوں سے بات کی ۔ جہاں دکانداروں نے سبزیوں کے مختلف ریٹ بتائے دس قدم پر قیمتیں بدلتی رہیں وہیں مرغ فروشوں کا بھی یہی حال رہا ہے ۔ مقامی لوگوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عام لوگ مجبور ہیں کس سے شکایت کریں کوئی سننے والا نہیں ہے یہاں پر مختلف سبزیوں کے ریٹ ہیں اور مختلف مرغ کا بھی ریٹ ہے اور عام لوگوں کو جو فروخت کریں گے وہ لینے پر مجبور ہیں ۔ اس سلسلے میں جب ٹی ایس او گول سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ ہم ریٹ لسٹ نہیں دے سکتے ہیں اور یہ ریٹ لسٹ بیو پار منڈل اور متعلقہ سبزی فروشوں و مرغ فروشوں کے پریذیڈنٹ دیتے ہیں ۔ اس تمام صورتحال کے بارے میں کشمیر عظمیٰ نے تحصیلدار گول سرجیت سنگھ سے بات کی تو انہوں نے موقعہ پر ہی ٹی ایس او سے بات کی اور ایک دو دن کے اندر اندر ریٹ لسٹ جاری کرنے کو کہا ۔ تحصیلدار نے کہا کہ ایک دو دن کے اندر اندر ریٹ لسٹ جاری کیا جائے گا اور انہوں نے ایک روز قبل ہی بازار کا معائینہ کو کے دکانداروں کو متنبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ماہ مبارک کا مہینہ آنے والا ہے اس سلسلے میں بازار کی صفائی ستھرائی کے علاوہ بجلی ، پانی و دیگر ضروریات کے بارے میں انتظامیہ متحرک ہے اور کسی بھی مسئلے کو حل کرنے کے لئے انتظامیہ پیش پیش ہے ۔