گول//گول میں ائر ٹیل، بی ایس این ایل، ائر سیل اور ریلائنس کمپنیوں کی جانب سے ناقص سروس کے خلاف آج لوگوں نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ کئی ماہ سے لگا تار ان تمام کمپنیوں کی جانب سے ناقص سروس دستیاب ہے اگر چہ کئی مرتبہ انتظامیہ کو بھی اس سلسلے میں مطلع کیا تھا اور پولیس کو بھی ایک تحریری رپورٹ دی تھی لیکن انہوں نے بھی شائد اس پر کوئی توجہ نہیں دی جس وجہ سے لوگ کافی پریشان ہیں اور ائر ٹیل فور جی برائے نام ہے جبکہ باقی کمپنیوں کی جانب سے لوگوں کو کوئی انٹر نیٹ سہولیت دستیاب نہیں ہے ۔ لوگوں نے آج موبائیل ٹاوروں کے ساتھ جا کر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایک ہفتہ کے اندر اندر نیٹ ورک بہتر نہیں ہوا ہے لوگ سڑکوں پر اُتر نے پر مجبور ہوں گے ۔ اس موقعہ پر پیس اینڈ ویلفیر کمیٹی کے صدر عبدالرشید بیگ نے کہا کہ اگرچہ نیٹ ورک کی خرابی کے سلسلے میں پولیس کو بھی تحریری طور پر مطلع کیا تھا اور فو جی نیٹ ورک کا ڈھونگ رچا کر لوگوں کو لوٹا جا رہا ہے لیکن سروس بالکل خراب ہے ۔انہوں نے کہا کہ پہلے بھی کمپنی والوں سے بات کی تھی لیکن کبھی ایک مہینہ ، کبھی دس دن اور کبھی پندرہ دن کہہ کر ٹال مٹول کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے سات دن کی مہلت دیتے ہوئے کہا کہ اگر نیٹ ورک ٹھیک نہیں ہو گا تو اس ٹاور کی یہاں پر کوئی ضرورت نہیں ہے ہم اس کو اکھاڑ دیں گے ۔