سرینگر// گول میز کانفرنس کے بعد مزاحمتی جماعتوں تک پہنچنے کی کوشش کے طور پر کانگریس کے سنیئر لیڈر منی شنکر ائر کی سربراہی میں ایک6رکنی وفد سید علی شاہ گیلانی،میر واعظ عمر فاروق اور شبیر احمد شاہ نے ملاقی ہوگا،جس کے دوران ممکنہ طور پر مسئلہ کشمیر پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ سرینگر میں گزشتہ روز سینٹر فار پیس اینڈ پراگرس کی طرف سے منعقدہ گول میز کانفرنس میں شمولیت کے بعد بیرون ریاست شرکاء نے مزاحمتی جماعتوں کے لیڈروں پر دستک دینے کا آغاز کیا ہے۔ذرائع کے مطابق منی شنکر ائر کی سربراہی میں سابق وائس چیف ائر مارشل کپل کاک، صحافی ونود شرما اور آئی ڈی کھجوریہ سید علی گیلانی کی رہائش گاہ واقع حید پورہ میں جمعرات4بجکر15منٹ پر ملاقی ہوگا،جس کے دوران وادی کی موجودہ صورتحال کے علاوہ مسئلہ کشمیر پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق اگر چہ وفد میں سینٹر فار پیس اینڈ پراگرس کے سربراہ اوم پرکاش شاہ اور وطن پرست پارٹی کے خالد طفیل بھی موجود ہیں،تاہم حریت ذرائع کے مطابق انہیں صرف4نام موصول ہوئے ہیں،جو سید علی گیلانی سے ملاقی ہونگے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ وفد حریت(ع) چیئرمین میر واعظ عمر فاروق اور فریدم پارٹی سربراہ شبیر احمد شاہ سے بھی ملاقی ہونگے۔ ۔حریت(گ) ترجمان نے ایاز اکبر نے کشمیر عظمیٰ کے ساتھ اس بات کی تصدیق کی منی شنکر ائر کی سربراہی میں ایک غیر سرکاری وفد چیئرمین حریت کانفرنس سید علی گیلانی سے ملاقی ہو گا ۔ اس دوران حریت(ع) کے میڈیا ایڈوائزر ایڈوکیٹ شاہد الاسلام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ مذکورہ وفد صبح10بجکر30منٹ پر میر واعظ عمر فاروق سے انکی رہائش گاہ واقع نگین میں ملاقی ہوگا۔ادھر ذرائع کے مطابق مذکورہ وفد بعد میں ریاستی گورنر سے بھی ملاقی ہوگا،اور ریاست کی موجودہ صورتحال پر ان سے تبادلہ خیال کرئے گا۔