جموں//پینتھرز پارٹی کے جنرل سیکرٹری بشیر الدین نے گول مہور کے پسماندہ علاقہ جات میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی مانگ کی ہے ۔ یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جملان، مالا، بتھوئی، ساڑھ، بگہ، ٹکسن ، شودل، گلاب گڑھ، دیول، بھڈر چھجرو وغیرہ میں لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے ، دفاتر اور تعلیمی اداروں میں عملہ کی قلت پائی جاتی ہے ۔ مہور میں پی ایچ ای محکمہ کے ملازمین کو فقط 500روپے ماہوار تنخواہ دی جارہی ہے انکی مستقلی کے لئے کوئی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ علاقہ میں بجلی کا کوئی انتظام نہیں ہے ، دین دیال یوجنا وغیرہ صرف فائلوں تک محدود ہیں ، چسانہ اور مہور میں اعلیٰ انتظامی عہدے خالی پڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مانگ کی ان کی مانگوں کو پورا کرنے کے لئے قدم اٹھائے جائیں۔ دوسروں کے علاوہ طاہر ملک بلاک صدر ، پرویز احمد بٹ ینگ پینتھر، مشتاق احمد بلاک صدر چسانہ، راکھی رام اور عبداللہ عزیز وغیرہ بھی موجود تھے۔