زاہد بشیر
گول// حالیہ شدید بارشوں کے دوران جہاں پورے سب ڈویژن گول میں رابطہ سڑکوں پر پسیاں گر آنے اور ندی نالوں میں طوفانی پانی کی وجہ سے تمام سڑکوں کی حالت ہی بگڑ گئی ہے وہیں گول سے داچھن ششل سڑک کی حالت بھی نہایت ہی خستہ ہے ۔ داچھن قاضی موڑ سے لے کر اندھ ششل تک سڑک مختلف مقامات پر اسی فیصد دھنس گئی ہے جس وجہ سے یہاں پر ابھی تک ٹریفک بحال نہیں ہو چکا ۔ اگر چہ زیرو پوائنٹ تک گاڑیاں جاتی ہیں لیکن یہ سڑک آہستہ آہستہ آئے روز دھنستی جا رہی ہے جس وجہ سے یہاں پر سفر کرنا خطرے سے خالی نہیں ہے ۔ وہیں محکمہ پی ڈبلیو ڈی نے اگر چہ اس سڑک پر ملبہ ہٹانے کے لئے مشینری کو لگایا ہے لیکن سڑک کی حالت خستہ ہونے اور ملبے کو ٹھکانے لگانے کے لئے وقت درکار ہے ۔ جگہ جگہ زمین کے سکڑ جانے اور دھنسنے کی وجہ سے سڑک کئی حصّوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہے، اور اسی سڑک پر منحصر کئی دیہات اور بستیوں کے مکانات، کھیت اور زرعی زمینیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔مقامی لوگوں کے مطابق یہ واحد لنک روڈ قاضی موڑ داچھن سے لے کر ششل اندھ تک کئی جگہوں پر متاثر ہوا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ پچھلے کئی دنوں سے بارشیں مسلسل جاری رہنے کی وجہ سے کئی مقامات پر نالیاں بند ہو گئی ہیں جس سے پانی براہِ راست روڈ پر جمع ہو کر زمین کو مزید کمزور کر رہا ہے۔ اس کے نتیجے میں سڑک کے کئی حصّے دھنس گئے اور متعدد مکانات کو دراڑیں اور جزوی نقصان پہنچا ہے۔ لوگوں کا خدشہ ہے کہ بارشوں کے تسلسل سے اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو نقصان بہت بڑھ سکتا ہے۔وہیں محکمہ نے سڑک پر بڑی گاڑیوں کو چلنے کیلئے منع کیا ہے کیونکہ جہاں سڑک دھنس جانے کی وجہ سے سکڑ گئی ہے وہیں بہت زیادہ کمزو ربھی ہے جس وجہ سے کسی بھی وقت کوئی بڑا حادثہ پیش آ سکتا ہے ۔ وہیں قریباً دو کلو میٹر اس خستہ حال سڑک کے نشیبی علاقوں میں بستیوں کو بھی شدید خطرہ لا حق ہے اور اگر لگا تار اسی طرح سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہا ہے کسی بھی وقت یہاں پسیاں گر آنے کی وجہ سے مالی نقصان کے ساتھ ساتھ جانی نقصان کا بھی خطرہ ہے ۔ وہیں اس دوران سب ڈویڑنل مجسٹریٹ امتیاز احمد نے متاثرہ علاقوں کا بذاتِ خود دورہ کیا اور متاثرہ لوگوں سے ملاقات کی۔ امتیاز احمد نے عوام کو دلاسہ دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی و سب ڈویژنل انتظامیہ ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہے اور متاثرین کی مشکلات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ محکمہ جات کو روڈ کی فوری مرمت، بند نالیوں کی صفائی اور متاثرہ مکانات کی ابتدائی جانچ پڑتال کے احکامات جاری کئے ہیں ۔امتیاز احمد نے عوام سے بھی اپیل کی کہ خطرناک مقامات پر احتیاط سے چلیں اور جہاں ضروری ہو وہاں روڈ کے قریب اکٹھا نہ ہوں تاکہ مزید حادثات سے بچا جا سکے۔وامی مطالبے اور انتظامیہ کی یقین دہانی کے بعد بھی مقامی لوگ محتاط ہیں اور کہتے ہیں کہ اگر بارشیں جاری رہیں تو نقصان بڑھنے کا خدشہ بہت بڑا ہے۔ انہوں نے صوبائی و ضلعی حکومت اور متعلقہ محکموں سے اپیل کی ہے کہ یہ معاملہ ہنگامی نوعیت کا ہے اور فوری طور پر فنانشل ریلیف، انجینئرنگ فوکل ٹیم اور مشینی وسائل روانہ کیے جائیں۔