گول//گول کوضلع صدرمقام رام بن کے ساتھ ملانے والی اہم روڈ جو اسے پوری ریاست کے ساتھ بھی ملاتی ہے، پر گریف کی طرف سے تعمیری کام میں مبینہ طور پر غیر معیاری میٹریل کا استعمال کیاگیاہے جس کی وجہ سے دو ماہ کے اندر ہی ڈنگے ٹوٹ گئے ہیں اور روڈ کی حالت پہلے جیسی بن چکی ہے ۔ گول رام بن روڈ 52 کلو میٹر میں سے تقریباً24کلومیٹر کی حالت توبہتر ہے لیکن گول سے سنگلدان سڑک کی حالت ناگفتہ بہہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کاسامناہے ۔ اس روڈ پرتعمیری کام کرنے والی تعمیرکاکام گریف نے کیا جس پر کروڑوں روپے خرچ بھی آئے تاہم زمینی سطح پر کچھ دکھائی نہیں دے رہا۔ دوماہ قبل اس روڈ پر پسیوںکی روک تھام کے لئے ڈنگے تعمیر کئے گئے لیکن مقامی ذرائع کاکہناہے کہ یہ ڈنگے زمین کھسکنے سے نہیںبلکہ اوپر سے ہی ناقص تعمیر ہوئے جس کی وجہ سے یہ مسمار ہوگئے ۔ ان ڈنگوںکی بنیاد بہت ہی کم ڈالی گئی تھی جو اس کی سب سے بڑی وجہ بتائی جارہی ہے۔ اس روڈ پر اس وقت بھی مختلف جگہوںپرتعمیری کام چل رہاہے جہاںبھی لوگ غیر معیاری سیمنٹ اور ریت کے استعمال کا الزام لگارہے ہیں ۔اس سلسلے میںجب کشمیرعظمیٰ نے گریف کے ایک آفیسر سے بات کی توانہوںنے پلوجھاڑتے ہوئے اپنے اوپر تمام الزامات کومسترد کردیااورکہاکہ یہ زمین ہی ایسی ہے جہاں پرڈنگے ٹکتے نہیں، سلائڈنگ علاقہ ہے۔انہوںنے کہاکہ تاہم وہ دیکھنے کے بعد ہی کچھ کہہ سکتے ہیں ۔انہوںنے مزیدکہاکہ سیمنٹ اوپر سے سپلائی ہوتاہے ،ساگرنامی سیمنٹ ڈائریکٹر جنرل نے پاس کرکے ریاست کے لئے سپلائی کیاہے۔ انہوںنے کہاکہ انہیںکم سے کم قیمت والے سیمنٹ پرہی ترجیح دینی ہوتی ہے ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ تعمیری کام کی کوئی نگرانی نہیںہوتی اور خزانہ عامرہ سے بلوںکونکالنے کے چکرمیںکام کیاجارہاہے جبکہ تعمیری کام کے دوران جے ای صاحبان بھی موجودہوتے ہیں۔