زاہد بشیر
گول//بدھ بعد دوپہر گول و ملحقہ جات علاقوں میں اچانک شدید ژالہ باری ہوئی جس وجہ سے لوگوں میں کافی خوف پیدا ہوا ہے ۔ تمام زندگی کی رفتار تھم کر رہ گئی جب آسمان سے ایک سو گرام کے قریب اولے گرنے لگے اور جس انداز سے یہ اولے گرے لوگوں میں اس وجہ سے کافی خوف طاری ہوا ۔ پہلے شدید تیز ہوائیں چلیں اور پھر ساتھ ہی آسمان سے تیز رفتار سے اولے گرنے لگے جس وجہ سے جہاں سڑکوں پر لگی گاڑیوں کے شیشے چکنا چور ہوئے وہیں جو مال مویشی باہر تھے وہ بھی ہلاک ہو گئے یہاں تک کہ مرغے بھی لوگوں کے اس اولے باری کی وجہ سے ہلاک ہوئے ۔ گول کے بھیمداسہ ، گوئی ، گاگرہ، کلی مستا ، داڑم ، گنڈی ، سنگلدان ، سلبلہ ، موئلہ ، ہارہ جمن و دیگر علاقوں میں بھی تیز رفتار اولے گرنے کی وجہ سے شدید نقصان ہوا ہے ۔ اس ژالہ باری کی وجہ سے گول کے بھیمداسہ ، داڑہ ، گوئی، گاگرہ اور کلی مستا ، گنڈی داڑم والے علاقے زیادہ متاثر ہوئے ۔ مختلف علاقوں سے کشمیر عظمیٰ کو ٹیلیفون پر لوگوں نے بات کی کہ جہاں مال مویشی ہلاک ہوئی وہیں پھلدار درختوں کو بھی سو فیصد نقصان پہنچا ہے ۔ وہیں ڈھوک میں گئے مال مویشیوں کے ساتھ خانہ بدوشوں کے ساتھ ساتھ عام لوگوں کی بھی ابھی تک کوئی پتہ نہیں کہ مال مویشی کا نقصان کتنا ہے ۔ وہیں گول بھیمداسہ روڈ کئی جگہوں پر پسیاں گر آنے کی وجہ سے بند ہوا اور راستوں میں درماند پڑی گاڑیوں کو نکالنے کے لئے نواجوں نے خود ہی پسیوں کو ہٹانے کا کام شروع کیا ۔ مقامی لوگوں ، سیاسی و سماجی تنظیموں نے سرکار و انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ پورے سب ڈویژن میں ژالہ باری کی وجہ سے جو نقصان ہوا ہے اس کے لئے ایک ٹیم تشکیل دی جائے تاکہ لوگوں کوسرکاری امداد مل سکے ۔