گول//گزشتہ شام سے یو ٹی جموںو کشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا کی جانب سے سوموار تک پوری یوٹی جموں و کشمیر میں لاک ڈان کے ساتھ ساتھ ضلع رام بن کے دوردراز علاقوں میں بھی شام آٹھ بجے سے مکمل لاک ڈاون رہا ۔ سب ڈویژن گول کے گول و سنگلدان نیابتوں کے ساتھ ساتھ دوردراز علاقوں میں بھی کل شام سے مکمل لاک ڈاون رہا ۔ اس دوران بازار سنسنان رہے اور کسی بھی پسنجر گاڑی کو آنے جانے کی اجازت نہیں دی گئی وہیں ساتھ ساتھ نجی گاڑیوں کو بھی آج سڑکوں پر دوڑنے نہیں دیا ۔ گول بازار میں پولیس نے مختلف مقامات پر ناکے لگائے اور بازار میں کسی کو بھی آنے کی اجازت نہیں دی گئی وہیں بازار میں آج تمام کار و باری ادارے بند رہے ۔ اس مہلک مرض کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لئے جہاں انتظامیہ ، پولیس نے وہیں سماجی تنظیموں نے بھی اس بیماری کے خلاف لڑنے کے لئے انتظامیہ کا بھر پور ساتھ دیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ احتیاط برتیں اور ضروری تدابیر اپنائیں تا کہ اس مہلک مرض کے ساتھ لڑا جا سکے ۔ رمضان المبارک کا مہینہ چل رہا ہے اور عید الفطر بھی نزدیک آ رہی ہے بازار وںمیں رش بڑھ سکتا ہے ایسے میں سماجی دوریوں کو بر قرار رکھنے کے لئے انتظامیہ کے لئے کسی چیلینج سے کم نہیں ہے ۔ یہ عام لوگوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ سماجی دوریوں کے ساتھ ساتھ ضروری تدادبیر اپنائیں اور اس مہلک وباء کے خلاف لڑنے کے لئے انتظامیہ کوبھر پور تعاون فراہم کریں ۔