گول//دو روز سے لگا تار بارشوں اور برف باری کی وجہ سے گول میں نظامِ زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے ۔ وہیں گزشتہ شب اندھ کے نارلا علاقہ میں پسی گر آنے سے ایک نوجوان کی موت واقع ہوئی ۔ تفصیلات کے مطابق دو روز سے لگا تار بارشوں اور برف باری کی وجہ سے گول میں نظام زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئی ہے اور لوگ گھروں میں ہی مقید بن کر رہ گئے ۔ گول کی رابطہ سڑکیں منقطع ہیں مہو رگول سڑک کل دوپہر سے ہی ٹریفک کے لئے بند ہو گئی تھی جبکہ دوران شب برف باری کی وجہ سے دیگر سڑکوں پر بھی ٹریفک کو بریک لگی ۔گول بازار میں بھی گریف نے برف نہیں ہٹائی جس وجہ سے کافی پھسلن ہوئی اور گاڑیوں کو چلنے میں کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا اور یہاں کی طرف کسی نے کوئی توجہ نہیں دی۔ وہیں گول رام بن شاہراہ اُس وقت بند ہو گئی جب چھپرن نالہ میں طغیانی کی وجہ سے پسی گر آئی اور یہاں پر انسان بھی پیدل نہ چل سکے اور بعد میں گریف نے نالہ سے ملبہ ہٹا کر ٹریفک کو بحال کر دیا ۔ وہیں گزشتہ شب سے ہی گول و ملحقہ جات میں بجلی گل ہے جس وجہ سے مواصلاتی نظام بھی درہم برہم ہو چکا ہے ۔