گول انڈور اسٹیڈیم عرصہ دراز سے تشنہ تکمیل کھیل شائقین کا احتجاج ، عوام نے جلد تعمیر مکمل کرنے کا مطالبہ کیا

زاہد بشیر

گول //گو ل کے موئلہ علاقہ میں عرصہ دراز سے انڈور اسٹیڈیم تشنہ تکمیل ہے اور اس سلسلے میں کھیل شائقین ،زمینداروں اور عام لوگوں نے احتجاج کرتے ہوئے جلد از جلد اس اسٹیڈیم پر تعمیری کام شروع کرنے کا مطالبہ کیا ۔ مقامی زمینداروں کا کہنا ہے کہ دس سال سے ہم لوگوں نے اس انڈور اسٹیڈیم کے لئے زرعی اراضی دی ہے لیکن اس پر بہت ہی زیادہ سست رفتاری سے کام چل رہا ہے اور ایک سال سے اس پر کوئی تعمیری کام نہیں کیا جس وجہ سے یہ ایک کھنڈر کی شکل اختیار کر رہا ہے۔ وہیں اس اسٹیڈیم کے لئے اپروچ روڈ میں آنے والی اراضی کے مالکان نے کہا کہ ہم سے بھی بھونڈا مذاق روا رکھا گیا ہے چاہئے وہ سیاسی لیڈران ہو یا انتظامیہ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سے کہا گیا کہ آپ لوگ اسٹیڈیم تک سڑک کے لئے اراضی دیں اور آپ کو معاوضہ دیا جائے گا لیکن نا ہمیں معاوضہ ملا اور نہ ہی یہ اسٹیڈیم بنا۔ انہو ں نے کہا کہ اب ہم مجبور ہیں اور نہ ہی روڈ بند کر سکتے ہیں اور نہ ہی کچھ اور اب اگر اسٹیڈیم ہی تعمیر ہوتا لیکن اس پر بھی تعمیری کام مکمل طو رپر بند پڑا ہوا ہے۔ وہیں کھیل شائقین نے کہا کہ وہ کھیل کے میدان کی عدم دستیابی کی وجہ سے وہ در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں اور کبھی کالج تو کبھی کھلے میدانوں میں کھیلتے ہیں۔ اس سلسلے میں ایس ڈی ایم گول تنویر المجید نے کہا کہ جو اراضی انڈور اسٹیڈیم کے لئے زمینداروں نے دی ہے وہ مفت میں دی گئی ہے اس کا کوئی معاوضہ نہیں ہے اور آپروچ روڈ پر بھی سابقہ ایم ایل اے نے یقین دہانی کرائی تھی لیکن اس کا بھی کوئی ضابطے کے تحت معاوضہ نہیں ہے اور نہ ہی کسی محکمہ کے سپرد ہیں۔