عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی نے مسلح افواج کو واضح ہدایات دی ہیں کہ وہ سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ اور گولہ باری کا پوری طاقت سے جواب دیں، یہ کہتے ہوئے کہ وہاں سے گولی چلے گی، تو یہاں سے گولہ۔انہوں نے کہا کہ آپریشن سندور ابھی ختم نہیں ہوا، اور بھارت لائن آف کنٹرول کے پار سے فائر کی جانے والی ہر پاکستانی گولی کا جواب بموں سے دے گا۔ وزیر اعظم نے کہا ہے بہت ہو گیا،اگر وہ وہاں سے گولیاں چلائیں گے تو ہم بموں سے جواب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اہم موڑ فضائی اڈوں پر حملے تھے۔ذرائع نے کشمیر پر ہندوستان کے موقف کے بارے میں بھی آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو کسی کی ثالثی کی ضرورت نہیں ہے اور ہاتھ میں صرف ایک ہی مسئلہ تھا، جو کہ پاکستان کے زیر قبضہ جموں و کشمیرکی واپسی تھا۔ذرائع کا کہنا تھا کہ کشمیر پر ہمارا واضح موقف ہے، اب صرف ایک معاملہ رہ گیا ہے یعنی پاکستان کے زیر قبضہ جموں و کشمیرکی واپسی، بات کرنے کے لیے اور کچھ نہیں ہے، اگر وہ ملی ٹینٹوں کو حوالے کرنے کی بات کرتے ہیں تو ہم بات کرسکتے ہیں، میرا کسی اور موضوع کا کوئی ارادہ نہیں ہے، ہم نہیں چاہتے کہ کوئی ثالثی کرے، ہمیں کسی کی ثالثی کی ضرورت نہیں ہے۔اس سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو اعلیٰ دفاعی حکام کے ساتھ اپنی رہائش گاہ پر ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی۔یہ ملاقات پاکستان کے ساتھ سرحدوں پر ایک بے چین امن کے درمیان ہوئی، جہاں جنگ بندی کی کوئی تازہ خلاف ورزی کی اطلاع نہیں ملی ہے۔