عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//راجوری میں حالیہ سرحدی شیلنگ کے بعد انڈین آرمی کی ایس آف اسپیڈز ڈویژن نے ایک مثالی اور انسان دوست قدم اٹھاتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لئے ہاتھ بڑھایا ہے۔فوجی حکام کے مطابق، خیرسگالی کے جذبے کے تحت قریبی گاؤں کے چار متاثرہ خاندانوں میں ضروری راشن اور گرم کمبل تقسیم کئے گئے۔ یہ اقدام نہ صرف فوج کی سیکیورٹی فراہم کرنے والی حیثیت کو ظاہر کرتا ہے بلکہ اسے عوام کے دکھ درد میں شریک ایک خاندان کی طرح پیش کرتا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ یہ قدم انڈین آرمی کی مقامی آبادی کے ساتھ گہرے رشتے اور ہمدردی کے جذبات کا عکاس ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب لوگ آزمائش سے گزر رہے ہیں۔ ایس آف اسپیڈز ڈویژن نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ فوج صرف سرحدوں کی محافظ ہی نہیں، بلکہ عوامی فلاح و بہبود میں بھی برابر کی شریک ہے۔متاثرہ خاندانوں نے انڈین آرمی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے وقت میں جب وہ بے بسی کا شکار تھے، فوج نے نہ صرف ان کی حفاظت کی بلکہ ان کی بنیادی ضروریات کا بھی خیال رکھا۔یہ امدادی کارروائی راجوری کے ان علاقوں میں کی گئی جہاں حالیہ شیلنگ کے باعث متعدد خاندانوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔فوجی حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اس طرح کی انسانی ہمدردی پر مبنی سرگرمیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی، تاکہ فوج اور عوام کے درمیان اعتماد اور بھائی چارے کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔