عشرت حسین بٹ
منڈی//حالیہ پاکستانی گولہ باری کی وجہ سے جہاں ضلع پونچھ میں متعدد رہایشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے وہیں ضلع کے سرحدی علاقہ ساوجیاں میں بھی گولہ باری کی وجہ سے متعدد رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے جو اب رہائش کے بھی قابل نہیں رہے ہیں۔پاکستان کی جانب سے کی گئی شدید گولہ باری کی وجہ سے ساوجیاں سیکٹر کے درجنوں مکانات پر شیلز گرنے کی وجہ سے تباہی ہوئی ہے اور یہ رہائشی مکانات نا قابل رہائش ہیں ۔گولہ باری کے دوران عوامی رہائشی مکانات میں ہوئے نقصانات کے حوالے سے اس علاقہ کی عوام نے کہا کہ جب کبھی بھی ہند پاک افواج کے مابین گولہ باری کا تبادلہ ہوتا ہے تو ان کا علاقہ سرحد کے قریب ہونے کی وجہ سے نقصان میں رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دفعہ بھی پاکستان کی بلا اشتعال گولہ باری کی وجہ سے متعدد رہائشی مکانات سرکاری ،سکولوں اور مسجدوں کا بہت زیادہ نقصان ہوا ہے ۔عوام نے کہا کہ ابھی بھی ان کے کچھ مکانات میں زندہ بارود پڑا ہوا ہے جسکو سیکورٹی ایجنسیاںناکارہ بنا رہی ہیں ۔محمد اشرف نامی ایک شخص نے گولہ باری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جن دنوں پاکستان کی جانب سے گولہ باری کی گئی ان کا مکان بھی ایک گولے کی زد میں آیا جس کی وجہ سے اگر چہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا البتہ ان کا رہائشی مکان پوری طرح سے اس کی زد میں آ کر رہائش کے قابل نہیں رہا۔ انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ ساوجیاں میں گولہ باری کی وجہ سے متاثر ہوئے رہایشی مکانات کا تخمینہ لگایا جائے اور لوگوں کو اس کا معاضعہ فراہم کیا جائے تاکہ وہ ایک مرتبہ پھر اپنی زمدگی گزار سکیں۔