زاہد بشیر
گول//نیابت اندھ کو سب ڈویژن گول کے ساتھ ملانے والی تمام رابطہ سرکیں گزشتہ کئی روز سے مسلسل بارشوں کے بعد ہنوز مسدود پڑی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے مقامی عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ متعدد مقامات پر پسیاں اور مٹی کے تودے گر آنے اور درخت گر آنے کی وجہ سے سے سڑک مکمل طور پر بند ہوگئی ہے۔ وہیں اندھ شہیدی روڈ بھی مکمل طور پر پسیاں گر آنے کی وجہ سے بند پڑی ہوئی ہیں ۔ اس دوران ہنگامی صورتحال میں مریضوں اور بزرگوں کو اسپتال تک پہنچانے میں بھی خاصی دشواری پیش آرہی ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑک کی بندش سے نہ صرف آمدورفت متاثر ہوئی ہے بلکہ روزمرہ کی ضروریات زندگی جیسے اشیائے خوردونوش، سبزی، دودھ اور دیگر سامان بھی وقت پر گھروں تک نہیں پہنچ پا رہا ہے۔ اگر چہ ششل کے قریب پسی کو ہٹانے کے لئے محکمہ نے مشین لائی تھی لیکن کچھ خرابی کی وجہ سے اس کو واپس کر دیا گیا اور کل سے اس پر کوئی مشین نہیں لگائی گئی جس وجہ سے لوگ کافی پریشان ہیں ، مقامی شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ گول اندھ روڈ پر فوری طور بحالی کا کام شروع کیا جائے تاکہ عوام کو مزید مشکلات سے نجات مل سکے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو صورتحال مزید سنگین ہوسکتی ہے۔انتظامیہ کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ متعلقہ محکمے کے عملے کو سڑک کی بحالی کے لیے متحرک کیا گیا ہے اور جلد ہی ملبہ ہٹا کر روڈ کو عام آمدورفت کے قابل بنایا جائے گا۔