گوشی (کپوارہ)//سرکاری عمارتوں کو فورسز کے قبضہ سے آزاد کرنے کے حکومتی دعوئوں کے بیچ کپوارہ قصبہ سے محض 3کلو میٹر گنڈ گوشی کی نئی اسپتال عمارت میں فوج نے اپنا ڈھیرہ جما کر وہا ں فوجی کیمپ قائم کیا جس کے نتیجے میں عام لوگو ں کے ساتھ ساتھ وہاں سرکاری ہائی اسکول میں زیر تعلیم بچو ں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ گنڈ گوشی ،جو ضلع ہیڈ کو اٹر سے محض 3کلو میٹر کی دوری پر ہے ،میںسرکاری ہائی سکول کے متصل نیو ٹائپ پرائمری ہیلتھ سنٹر عمارت میں فوج نے اپنا ڈھیرہ جما کر وہا ں کیمپ قائم کیا جس کے خلاف مقامی لوگو ں میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی جبکہ لوگو ں نے اس حوالے سے کپوارہ میں اپنا احتجاج بھی درج کیا ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ گنڈ گوشی میں پرائمری ہیلتھ سنٹر ایک کرایہ کی بلڈنگ میں قائم ہے جس کی وجہ سے علاقہ بھر کے بیماروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور بیمارو ں کی بھیڑ دیکھ کر سرکار نے یہا ں ایک درجن سے زائد کمرو ں پر مشتمل ایک نئی عمارت کا کام ہاتھ میں لیا جو آخری مرحلے میں ہے اور اب محکمہ صحت اسپتال کو نئی عمارت میں منتقل کر نے کی تیاری میں تھے کہ فوج نے عمارت میں ڈھیرہ جماکر فوجی کیمپ قائم کیا جبکہ اس کے آ س پاس بنکربنانے کاکام بھی شد و مد سے جاری ہے ۔فوج کے اس فیصلے کے خلاف علاقہ بھر کے لوگ سراپا احتجاج ہیں ۔مقامی لوگو ں نے الزام لگایا ہے کہ اس اسپتال عمارت کے متصل ایک سرکاری ہائی سکول بھی قائم ہے اور فوجی کیمپ قائم کرنے سکول میں زیر تعلیم طلباء و طالبات کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔لوگو ں کا یہ بھی کہنا ہے کہ مذکورہ اسکول میں بالغ بچیا ں زیر تعلیم ہیں جس کی وجہ سے انہیں سخت دشواریو ں کا سامنا ہے ۔گوشی سے تعلق رکھنے والے ایک بزرگ شہری عبد الرشید شاہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ ہائی سکول کے نزدیک فوجی کیمپ قائم کرنا مناسب نہیں ہے کیونکہ اس سے علمی دانشگاہو ں کا تقدس پا ما ل ہو تا ہے دوسرا یہ کہ یہا ں زیر تعلیم بچے اب ذہنی کو فت کے شکار ہوئے ہیں ۔لوگو ں نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور سے اسپتال عمارت سے فوج کا انخلاء کر کے عمارت کو آ زاد چھوڑ دیں بصورت دیگر وہ سڑکو ں پر آ کر اس فیصلہ کے خلاف احتجاجی مہم چھیڑ دیں گے ۔اس حوالے سے چیف میڈیکل آفیسر کپوارہ ڈاکٹر ذاکر حسین نے نئی اسپتال عمارت میں فوجی کیمپ قائم کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ ابھی مذکورہ اسپتال عمارت کو متعلقہ محکمہ نے ہمارے حوالہ نہیں کیا جس کی وجہ سے ہم فوجی کیمپ قائم کرنے سے متعلق کوئی قدم نہیں اٹھا سکے ۔