عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//محکمہ انکم ٹیکس کے مطابق مالی سال2023-24 کے لیے انکم ٹیکس ریٹرن (ITR) جمع کرتے وقت آمدنی کی غلط رپورٹنگ اور غلط کٹوتیوں کا دعویٰ کرنا سنگین نتائج کا باعث بن سکتا ہے۔ ٹیکس حکام نے حال ہی میں کہا کہ بہت سے ٹیکس دہندگان نے آجر کے ذریعہ کٹوائے گئے TDS کے 75% سے 90% تک کی واپسی کا دعویٰ کیا ہے۔گزشتہ ہفتے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے، انکم ٹیکس عہدیداروں نے کہا کہ آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے تنخواہ دار ٹیکس دہندگان کی ایک بڑی تعداد نے اپنے آئی ٹی آر میں غلط کٹوتیوں/چھوٹ کا دعویٰ کیا ہے۔
انہوں نے ان غلط کٹوتیوں/چھوٹ کی بنیاد پر رقم کی واپسی کا دعوی کیا ہے۔غلط کٹوتی/چھوٹ کے دعووں کے نتائج کے بارے میں بات کرتے ہوئے،انکم ٹیکس حکام نے کہا کہ انکم ٹیکس ایکٹ، 1961 کے تحت، آمدنی کی غلط اطلاع دینے اور غلط کٹوتیوں کا دعوی کرنے کے سخت نتائج ہوتے ہیں۔ اس طرح کے نتائج میں 12%فی برس پر سود، ٹیکس کے 200% پر جرمانہ اور مقدمہ شامل ہے جس میں قید ہو سکتی ہے۔ایک انکم ٹیکس آفیسر نے کہاکہ انکم ٹیکس ایکٹ، 1961 (‘ایکٹ’) کے تحت آمدنی کی غلط رپورٹنگ اور غلط کٹوتیوں کا دعوی کرنے کے سخت نتائج ہیں۔ ان میں 12%/سال پر سود، ٹیکس کا 200% جرمانہ، پراسیکیوشن شامل ہے جس میں قید ہو سکتی ہے۔انکم ٹیکس کے قوانین کے مطابق، ریٹرن فائل کرتے وقت دعوی کردہ کٹوتیوں/چھوٹ کا کوئی ثبوت اپ لوڈ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ نیز، ریٹرن پر بھی تیزی سے کارروائی کی جاتی ہے اور ریفنڈز خود بخود ٹیکس دہندہ کے بینک اکاؤنٹ میں جمع ہو جاتے ہیں۔تاہم، ٹیکس دہندگان کو اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ وہ صحیح کٹوتیوں/استثنیٰ کا دعویٰ کر رہے ہیں اور انہیں چاہیے کہ وہ دستاویزات کو ثبوت کے طور پر اپنے پاس رکھیں تاکہ ٹیکس ڈیپارٹمنٹ مستقبل میں نوٹس بھیجے۔حکام نے کہا کہ محکمہ انکم ٹیکس نے ٹیکس دہندگان کے لیے تعمیل میں آسانی کو یقینی بنانے اور رضاکارانہ تعمیل کی حوصلہ افزائی کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں۔ آئی ٹی آر فارم کو آسان بنایا گیا ہے اور ای فائلنگ کے عمل کو بغیر کسی رکاوٹ کے بنایا گیا ہے۔زیادہ تر ٹیکس دہندگان کے لیے مالی برس-24 2023کے لیے ITR فائل کرنے کی آخری تاریخ 31 جولائی ہے، جن کے اکاؤنٹس کو آڈٹ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔