عظمیٰ نیوز سروس
جموں//گورو گوبند سنگھ کا پرکاش پورب بڑے مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ مرکزی تقریب گرودوارہ چٹھی پاشاہی ٹاہلی صاحب میں منعقد ہوئی جہاں دن بھر عقیدت مندوں کی ایک بڑی تعداد آتی رہی ۔ضلع گرودوارہ پربندھک کمیٹی (ڈی جی پی سی) جموں کے زیر اہتمام اس تقریب میں جموں بھر سے عقیدت مندوں نے شرکت کی۔اس پروگرام میں ڈی جی پی سی جموں کے ممتاز مقامی راگی جتھوں نے شرکت کی جن میںبھائی گیان سنگھ جی اور بھائی صاحب بھائی گرومیت سنگھ جی شامل تھے۔دربار صاحب کے راگی بھائی سروپ سنگھ جی کے راگی جتھہ نے شبد کیرتن پیش کئے جس نے جموں کی سکھ سنگت کو موہ لیا۔ ایک اور قابل ذکر شریک بھائی انگریز سنگھ جی، گرو سیس گنج صاحب، دہلی کے ہیڈ گرنتھی تھے۔ ڈھڈی بلبیر سنگھ جی بھٹھل سرہالی والیاں بیبیاں دا ڈھڈی جتھا نے بھی پرفارم کیا، بہادری کے گیت گائے جس نے سکھ برادری کو متاثر کیا۔مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سکھ طلباء کو اعزاز دینے کے اپنے عہد کے مطابق، ڈی جی پی سی جموں نے ایس ڈی این کے بیٹے ایس ہرنیت سنگھ آئی اے ایس کو اعزاز سے نوازا۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی پی سی جموں کے جوائنٹ سکریٹری ایس رنویر سنگھ اور ڈی جی پی سی جموں کے ممبر ایس ہرجیت سنگھ نے سری گرو ہرگوبند صاحب کی زندگی پر روشنی ڈالی اور کمیونٹی کو متاثر کرنے والے موجودہ مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ایس بلویندر سنگھ، نائب صدر، نے بار بار ہونے والے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا جہاںاین ٹی اے کی ویب سائٹ پر ان مذہبی اشیاء کی اجازت دینے کی واضح ہدایات کے باوجود سکھ طلباء کو کڑا اور کرپان پہن کر نیٹ کے امتحانی مراکز میں داخلے سے منع کیا گیا تھا۔ ڈی جی پی سی جموں کے صدر ایس رنجیت سنگھ نے گورو گوبند کے پرکاش پورب پر سنگت کو مبارکباد دی اور سکھ برادری پر زور دیا کہ وہ گرو کی تعلیمات پر عمل کریں اور سکھ اقدار کی ترقی کے لئے کام کریں۔ انہوں نے جشن کی کامیابی میں تعاون کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا۔